ہنر مند نوجوانوں کی دستیابی سے بیروز گاری میں کمی ممکن: مسعود نظامی
لاہور(سٹی رپورٹر)سینئر وائس چیئرمین ٹاؤن شپ انڈسٹریل ایسوسی ایشن مسعود نظامی نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے تناظر میں نوجوانوں کو ٹیکنیکل ہنر سکھاکر بیروزگاری کے مسائل پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ ترقی کی رفتار کو بھی بڑھایا جاسکتا ہے، صنعتی انقلاب کی راہ ہموار کرنے کیلئے انڈسٹری اکیڈیمیا تعاون ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔انھوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور انڈسٹری کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کیلئے باہمی طور پر مستقل اور قابل عمل روابط ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو صنعتوں میں متعارف کرانے کیلئے لاہورچیمبر میں باضابطہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کام کر رہا ہیجو مجوزہ پالیسیوں کے اثرات اور مضمرات کا باریک بینی سے جائزہ لے کر حکومت کو ملکی معیشت پر اس کے ممکنہ اثرات کے بارے میں بھی آگاہ کر تا ہے،اسی طرح انرجی کے حوالے سے ممکنہ منفی اثرات کے ازالے کیلئے قابل عمل تجاویز بھی پیش کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور صنعتی انقلاب لانے کیلئے ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن کے ساتھ نوجوانوں کو پیشہ وارانہ تربیت اور سائنس کے شعبہ میں جدت لانا بھی ضروری ہے۔