ڈپٹی کمشنرز سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی نگرانی کریں،چیف سیکرٹری

ڈپٹی کمشنرز سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی نگرانی کریں،چیف سیکرٹری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)چھ اضلاع میں سبزیوں کے زائد نرخوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے ہدایت کی ہے کہ قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع میں اشیاء کی قیمتوں میں فرق طلب اور رسد کے مسئلے کی بجائے انتظامی کمزوری ہے۔چیف سیکرٹری نے یہ ہدایت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں اشیاء  ضروریہ کی قیمتوں، دستیابی اور پرائس کنٹرول مانیٹرنگ میکانزم کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ بعض اضلاع کی منڈیوں میں اشیاء  کی زائد قیمتوں کا مقرر ہونا بالکل بلاجواز ہے اور اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے قریبی اضلاع کے مقابلے میں اوکاڑہ،سیالکوٹ، قصور، چنیوٹ، فیصل آباد اور خانیوال میں سبزیوں کے زائد نرخ مقرر ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

اورڈویڑنل کمشنرز سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جا کر خود صورتحال کا جائزہ لیں،انتظامی اقدامات کے مثبت نتائج نظر آنے چاہیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے افسران کو متحرک انداز میں کام کرنا ہوگا،پرائس کنٹرول کے حوالے سے کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اوراس سلسلے میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے چیئرمین پی آئی ٹی بی کو ہدایت کی کہ گرانفروشوں کو جرمانے کیلئے ای چالان کا نظام وضع کیا جائے۔ صنعت، زراعت اور خوراک کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔