شفاف الیکشن کیلئے ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات کے سوا کوئی اور آپشن نہیں: چودھری سرور
لاہور(نمائندہ خصوصی)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ صاف و شفاف انتخابات سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا مورال بھی بلند ہو گااور شفاف انتخابات کیلئے انتخابی اصلاحات لازم ہوچکی ہیں،شفاف انتخابات کیلئے انتخابی اصلاحات اور الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے سوا کوئی اور آپشن نہیں ' حکومت آئندہ عام انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے نیک نیتی سے کام کر رہی ہے 'اپوزیشن کا انتخابی اصلاحات کی مخالفت کر نا شفاف انتخابات میں رکاوٹ کے مترادف ہے۔پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ملکی ترقی کے لیے بہت اہم ہے ہماری حکومت نے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے جی ایس پلس سٹیٹس کی وجہ سے پاکستان کو 24ارب ڈالرز سے زائد کا فائدہ ہوچکاہے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے گورنرہاؤس کے دروازے کھلے ہیں انکے مسائل کو حکومت تر جیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔ وہ اتوار کے گور نر ہاؤس میں نامور بزنس مین گوہریز حبیب خان 'تحر یک انصاف کے اراکین اسمبلی اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پہلے دن سے تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کے معاملے پر مل بیٹھنے کی دعوت دے رہی ہے مگر اپوزیشن اس معاملے پر حکومت سے بات کر نے کی بجائے صرف انکار کر رہی ہے۔ شفاف انتخابات کے لیے انتخابی اصلاحات اور الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے سواکوئی اور آپشن نہیں۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اپوزیشن کو پہلے بھی مشورہ دیا ہے اور اب بھی ان سے یہ ہی کہنا چاہتاہوں کہ حکومت اپوزیشن کی لانگ مارچ او دھمکیوں سے خوفزہ ہوگی اور نہ ہی 2023سے پہلے حکومت کہیں جانیوالی ہے۔
چوہدری سرور