بھارت ہندو توا کے تخت جنونی ریاست بن چکا، جہاں مسلمان بالکل محفوظ نہیں: وزیراعظم آزاد کشمیر
اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی اور وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماوں نے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور دیگر امور پر پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر اور وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ سید علی گیلانی کے انتقال کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہے۔ بھارت ہندوتوا کے تحت مکمل طور پر ایک جنونی ریاست بن چکا ہے جہاں اقلیتیں باالخصوص مسلمان محفوظ نہیں ہیں۔ کشمیریوں کے سفیر وزیراعظم پاکستان عمران خان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر دنیا بھر میں آواز بلند کر رہے ہیں اور بین الاقوامی رائے عامہ کو ہموار کر رہے ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں آزاد خطے میں تعمیر وترقی اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے کام کر رہی ہے۔ آزاد کشمیر حکومت نے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے 6 ماہ اور دو سال کے اہداف مقرر کیے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن، ایڈہاک ایکٹ اور احتساب ایکٹ میں ترمیم کیلئے وزرا پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت نے پہلی مرتبہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم پر ایک مکمل دستاویز جاری کی جس کا مقصد دنیا کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کروانا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جس طرح ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں اس کی وجہ سے پاکستان کا شمار اس وقت جنوبی ایشیاء کی ترقی یافتہ معیشتوں میں ہو رہا ہے۔ آزاد کشمیر حکومت ایک سال کے اندر بلدیاتی الیکشن کرنے کیلئے پرعزم ہے۔وفاقی وزیر علی آمین گنڈا پور کی آزاد کشمیر حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی تعریف۔وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویڑن کے مطابق سردار عبد القیوم نیازی کی قیادت میں آزاد کشمیر میں ترقی کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔ وزارت امور کشمیر آزاد کشمیر حکومت کو ہر قسم کی سپورٹ فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی۔ سید علی گیلانی وفات کے بعد کے واقعات نے بھارت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے پاکستان بھارت کو بے نقاب کرنے کا یہ سلسلہ جاری رکھے گا۔دونوں رہنماوں نے بابائے حریت سید علی گیلانی کے بلندی درجات اور شہداء کشمیر کیلیے خصوصی دعا بھی کی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر