اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت عالمی برادری طالبان حکومت فوری تسلیم کرے، پیغام پاکستان کانفرنس سے مقررین کا خطاب

اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت عالمی برادری طالبان حکومت فوری تسلیم کرے، پیغام ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  پشاور (خصوصی رپورٹ)سیاسی، مذہبی و سماجی جماعتوں کے قائدین، جید علماء کرام، وکلاء اور تاجر رہنماؤں نے پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت عالمی برادری طالبان حکومت کوفوری طور پرتسلیم کرے اور افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی کیلئے ان کیساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔ شکست خوردہ اتحادی ممالک پاکستان پر مختلف نوعیت کی پابندیاں لگانے اور معاشی ناکہ بندی کی سازشیں کر رہے ہیں۔ حکومت قومی سیاسی و مذہبی قیادت کو اعتماد میں لے اور دباؤ کا شکار ہونے کی بجائے جرا ت مندانہ فیصلے کرے، افغانستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورک بکھرنے پربوکھلاہٹ میں بلوچستان اور دیگر علاقوں میں پاکستانی فورسز پر حملے کیے جارہے ہیں۔ ملکی سلامتی و استحکام کیلئے شہادتیں پیش کرنیوالے پاکستانی قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں،اہل پاکستان دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنیوالی افواج پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کرکھڑے ہیں۔پشاور سے چلنے والا پیغام پاکستان کا یہ کارواں بلوچستان، سندھ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک جائے گا۔پاکستان کی طرف سے کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ڈوزیئر پیش کرنا لائق تحسین ہے۔ اقوام متحدہ اور دوسرے ادارے بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دے کر پابندیاں عائد کریں اور یو این کی قراردادوں پر فوری عمل درآمد کروایا جائے۔دنیا کے نظریے اور جغرافیائی تبدیل ہو رہے ہیں۔کشمیریوں کو جلد آزادی مل کر رہے گی۔بین الاقوامی اداروں کی طرف سے مظلوموں کی مدد کرنااور بھوکوں کو کھانا کھلانے والوں پر پابندیاں لگانا درست نہیں۔ ایف سی چوک صدر روڈ پر ہونے والی کانفرنس سے اللہ اکبر تحریک پاکستان کے صدر سیف اللہ خالد، خیبر پختونخواہ کے جید اور معروف عالم دین مولانا عبدالعزیز نورستانی،نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین محمد یعقوب شیخ، جمعیت علماء اسلام (س) کے مرکزی رہنما مولانا یوسف شاہ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ایڈووکیٹ عارف یوسف، سینئر نائب صدر مرکزی جمعیت اہل حدیث العالمی مولانا فضل الرحمن مدنی، کشمیر یوتھ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی،پیغام پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرؤف،نیشنل کمیشن آف پاکستان کے صوبائی اقلیتی مسیحی رہنما پرویز اقبال، صدر جے یو پی (نورانی) خیبر پی کے پیر جمال الدین،ھدیۃ الھادی خیبر پختونخواہ کے صدر مفتی سید معرفت شاہ، شیخ فضل حبیب، مولانا مظہر حبیب،، نصر جاوید، مفتی محمد قاسم،راہ حق پارٹی کے رہنما مولانا محمد ابراہیم، جمعیت اہل حدیث کے رہنما ادریس خلیل،جماعت اہلسنت کے صدر انعام اللہ حیدر، پیغام پاکستان کونسل کے رہنماملک شکیل، یاور آفتاب، عتیق الرحمن چوہان، مولانا عبدالوحید شاہ، ابوہارون، شیخ عبید اللہ ودیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مقررین کے خطابات کے دوران شرکاء کی طرف سے  زبردست نعرے بازی کی گئی۔
 پیغام پاکستان کانفرنس