گلگشت، واسا ٹھیکیداروں کا ”آپریشن“ سڑکیں گلیاں، کھنڈڑ، شہریوں کا احتجاج
ملتان (سپیشل رپورٹر) واسا ٹھیکداروں نے واٹر سپلائی لائن ڈالنے کی آڑ میں گلگشت کے علاقے میں نئی نویلی سڑکیں ادھیڑ ڈالیں،گھر کے دروازوں کے سامنے گہرے گڑھوں کے باعث مکین گھروں میں محصور،شکایات کے باوجود واسا افسر ٹھس سے مس نہ ہوئے سبزہ زار،بندشہ سٹریٹ سمیت متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے بوسن روڈ پر دھرنا دینے کی دھمکی دیدی،تفصیل کے مطابق ملتان شہر کے پوش علاقے گلگشت کالونی اور(بقیہ نمبر43صفحہ7پر)
اس سے ملحقہ علاقوں میں ان دنوں واسا کی جانب سے نئی واٹر سپلائی لائنیں ڈالنے کا کام جاری ہے جس کی آڑ میں متعلقہ ٹھیکداروں نے محکمانہ ایس او پیز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تھرسٹ بورنگ کی بجائے حال ہی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سٹرکیں اور گلیاں بے دردی سے ادھیڑ کر رکھ دی ہیں جبکہ دوران کھدائی گھروں کے گیٹ اور دروازوں کے سامنے بھی گہرے گڑھے کھود دیئے گئے ہیں جس کے باعث مکینوں کی اپنے ہی گھروں میں آمدورفعت ناممکن ہوکررہ گئی ہے۔ سبزہ زار کالونی اور بندیشہ سٹریٹ میں سپلائی لائن ڈالنے کا کام انتہائی سست روی کا شکار ہونے کے باعث مکین گھروں میں محصور ہوکررہ گئے ہیں علاقہ مکینوں کا کہناہے کہ واسا انتظامیہ کو بارہا شکایات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی اگر آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مذکورہ صورتحال پر ایکشن نہ لیا گیا تو متاثرین بوسن روڈ بلاک کرکے دھرنا دینے پر مجبور ہوجائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری واسا انتظامیہ پر عائد ہوگی۔