لڑکیوں کیلئے تعلیم کے علیحدہ انتظامات مکمل ہوتے ہی سکول کھول دیں گے: طالبان ترجمان 

  لڑکیوں کیلئے تعلیم کے علیحدہ انتظامات مکمل ہوتے ہی سکول کھول دیں گے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کابل، قندوز (نیوز ایجنسیاں) ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ لڑکیوں کی علیحدہ کلاسز اور اساتذہ کا انتظام مکمل ہوتے ہی بچیوں کیلئے بھی سکول کھول دیئے جائیں گے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں ہیں اور شرعی حدود میں رہتے ہوئے تعلیم کی اجازت بھی دیں گے۔ ذبیح اللہ مجاہد نے یہ بھی کہا کہ انتظامات مکمل ہونے اور لڑکیوں کے لیے اسکول جانے کے آغاز کی تفصیلات سے میڈیا کو بھی آگاہ کیا جائے گا تب تک میڈیا سے گزارش ہے کہ منفی رپورٹنگ سے پرہیز کریں۔دوسری جانب کابل میں خواتین نے وزارت امور خواتین کی عمارت کے باہر مظاہرہ کیا۔کابل میں خواتین کے مظاہرے میں سول سوسائٹی اور خواتین سماجی کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ خواتین کو تعلیم اور کام کرنے کا حق دیا جائے۔ علاوہ ازیں افغانستان کے شمالی صوبہ قندوز کے صدرمقام قندوز سٹی میں جنگ سے متاثرہ کاٹن فیکٹری اتوار کے روز دوبارہ کھل گئی ہے۔صوبہ میں محکمہ زراعت کے سربراہ مولوی امان اللہ نے دوبارہ کھولنے کی تقریب میں کہاکہ 24گھنٹوں میں 110ٹن کاٹن بنانے کی صلاحیت رکھنے والے پلانٹ سے سینکڑوں افراد کو ملازمت کے مواقع ملیں گے۔
طالبان

مزید :

صفحہ اول -