جمہوری اقدار پر یقین کرنیوالوں کی کامیابی یقینی ہوتی ہے: کامران بنگش
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے انتخابات میں واضح برتری سے کامیابی پر نومنتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی ارکان کو تہہ دل سے مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ فلور ملز برادری کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ شہریوں کو معیاری خوردنی اشیاء کی فراہمی میں حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں بھی پورا تعاون جاری رکھیں گے کامران بنگش نے اپنے ایک تہنیتی پیغام میں ایسوسی ایشن کے نومنتخب چیئر مین صابر احمد بنگش اور دیگر ساتھیوں کے بلامقابلہ انتخاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انکی پوری نومنتخب کابینہ اور ایگزیکٹو کمیٹی ارکان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرنے پر اپنی جانب سے بھی فلور ملز برادری کا شکریہ ادا کیا انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت صوبے میں آٹے اور دیگر غذائی پیداوار کے معیار اور متوازن طلب و رسد کو یقینی بنانے کیلئے جو اقدامات اٹھا رہی ہے ایسوسی ایشن اب نئے جذبے سے ان کوششوں کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے کامران بنگش نے ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کی کامیابی کی دعا کی اور کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت اور جمہوری اقدار پر یقین کرنے والوں کی کامیابی یقینی ہوتی ہے۔