مادری اور قومی زبان کے بغیر ہم اپنی شناخت کھو دیں گے،جسٹس عمر عطا بندیال

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) سپریم کورٹ میں قومی زبان اردو کے نفاذ کے لئے توہین عدالت کی درخواست پر جسٹس عمر عطابندیال نے ریمارکس دیئے ہیں کہ مادری اور قومی زبان کے بغیر ہم اپنی شناخت کھو دیں گے۔
نجی ٹی وی ہم نیوزکے مطابق سپریم کورٹ میں قومی زبان اردو کے نفاذ کے لئے توہین عدالت کی درخواست پرسماعت ہوئی۔عدالت کی جانب سے وفاقی اور پنجاب حکومت کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔
سماعت کے دوران جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ مادری اور قومی زبان کے بغیر ہم اپنی شناخت کھو دیں گے،ہمیں اپنے بزرگوں کی طرح فارسی اور عربی زبانیں بھی سیکھنی چاہئیں،آئین کے آرٹیکل251 میں قومی زبان کے ساتھ مادری زبان کا ذکر بھی ہے۔
بعدازاں عدالت عظمیٰ کی جانب سے کیس کی مزید سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی گئی۔