امریکہ میں باکسر عامر خان کو جہاز سے زبردستی کیوں اُتار دیا گیا؟

نیویارک(مانٹیرنگ ڈیسک) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور اس کے ایک ساتھی کو فیس ماسک اچھی طرح نہ پہننے پر امریکن ایئرلائنز نے اپنی پرواز سے اتار دیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق عامر خان اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ نیویارک سے کولوریڈو سپرنگز میں اپنے ٹریننگ کیمپ میں جا رہے تھے۔ انہوں نے فیس ماسک پہن رکھے تھے تاہم ماسک پورے ٹھوڑی سے ناک تک ہونے کی بجائے محض ٹھوڑی پر ٹکائے ہوئے تھے۔
اس معاملے پر عامر خان اور اس کے ساتھی کا پرواز کے عملے کے ساتھ تنازعہ ہوا جس پرانہیں گیٹ سے ہی واپس لوٹنا پڑ گیا۔ اس واقعے کو انتہائی ہتک آمیز قرار دیتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ ”میرے ساتھی کا ماسک زیادہ اوپر نہیں تھا مگر میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا تھا۔ ایئرلائنز کے پاس کیمرے کی ویڈیو موجود ہو گی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میں نے ماسک اچھی طرح پہن رکھا تھا۔ “عامر خان نے دعویٰ کیا کہ امریکن ایئرلائنز نے ان پر پابندی عائد کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکن ایئرلائنز کی طرف سے اتار دیئے جانے کے بعد وہ دوسری پرواز کے ذریعے ٹریننگ کیمپ گئے۔
دوسری طرف امریکن ایئرلائنز کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ”ہماری کسٹمر ریلیشن ٹیم عامر خان کے ساتھ رابطہ کر رہی ہے تاکہ ان کے تجربے کے بارے میں مزید جان سکیں۔“ ترجمان کا کہنا تھا کہ ”ہمارے صارفین اور عملے کی حفاظت کے لیے نافذ کردہ پالیسیاںہماری اولین ترجیح ہیں۔“واضح رہے کہ عامر خان کی طرف سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ایئرلائنز کی طرف سے پولیس کو بھی بلا لیا گیا تھا جو انہیں گیٹ سے واپس لے کر گئی تاہم ایئرلائنز کے ترجمان نے اس دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں پولیس کی مداخلت کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔