امریکہ میں جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی ریاست ٹیکساس میں بحریہ کا لڑاکا طیارہ رہائشی علاقے پر گر کر تباہ ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تربیتی مشن پر مامور امریکی بحریہ کا جنگی طیارہ ’’ٹی 45 گوشاک‘‘ نے کارپس کرسٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی۔ طیارے میں فلائنگ انسٹرکٹر اور تربیت پانے والے دو پائلٹس موجود تھے۔دوران پرواز نامعلوم وجوہات کی بنا پر طیارے میں خرابی پیدا ہوئی اور جنگی طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے لیک ورتھ کے رہائشی علاقے میں مکانوں پر گر گیا جس سے تین مکان تباہ ہوگئے۔طیارہ گرنے سے قبل انسٹرکٹر اور ٹرینی پائلٹس نے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔ انسٹرکٹر زمین پر محفوظ انداز میں اتر گئے تاہم دونوں ٹرینی پائلٹس کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔مکانات تباہ ہونے سے تین شہری بھی زخمی ہوئے تاہم انکی حالت خطرے سے باہر ہے۔