پرویز الٰہی کی سینئر بیورو کریسی سے پہلی باضابطہ ملاقات ”دل جیت لیے“
(تجزیاتی رپورٹ؛۔محسن گورایہ) وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے پنجاب کے سینئر بیوروکریٹس،سیکریٹریوں کے ساتھ اپنی پہلی باضابطہ ملاقات میں جہاں انہیں گڈ گورننس کے فروغ، گرانی کے خاتمے،عوامی خدمت اور رابطوں کا ٹاسک دیا وہاں ان کے ساتھ پیار، محبت اور اپنائیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے دل جیت لیے۔پرویز الٰہی جب دربار ہال میں ہونیوالی سیکریٹریوں کی میٹنگ میں آئے تو وہاں موجود چالیس سے زائد افسروں سے نہ صرف انکی جگہ پر جا کر ملے بلکہ ہر ایک کا حال چال بھی پوچھا اور کہا کا آپ سب افسر میری فیملی کی طرح ہیں، ہم تو پیار محبت میں ان افسروں کو بھی ساتھ چلا رہے ہیں جنہوں نے ہمیں ڈنڈے مارے۔وزیر اعلیٰ جو بیوروکریسی فرینڈلی جانے جاتے ہیں کی بات چیت اور کھلی ڈھلی گفتگو سے افسروں نے اطمینان،خوشی اور اعتماد محسوس کیا۔ان کا پچھلا دور حکومت بھی جہاں انکی بیوروکریسی سے محبت اور تعلق کی وجہ سے مشہور تھا ،وہاں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ انکی کامیابی میں بیوروکریسی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے افسروں سے کہا کہ ہم آپس میں مل جل کر چلیں گے، میرے دروازے آپ کیلئے ہر وقت کھلے ہیں،آپ میں سے جو افسر چاہے جب چاہے مجھے مل سکتا ہے آپ کو ٹائم لینے کی بھی ضرورت نہیں،میرا پی ایس او سن رہا ہے وہ آپ کو ملوا دے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ سب افسران سکون اور اطمینان کے ساتھ کام کریں آپ کو پوری عزت اور احترام ملے گا،آپ لوگ اگر پر سکون ہوں گے تو تبھی اچھا کام کر سکیں گے،میں آپ کے ساتھ ہوں،میں آپ کے اچھے مشوروں کے ساتھ چلوں گا۔
تجزیاتی رپورٹ