اسلام آباد ہائی کورٹ،فواد چوہدری کی ممبر الیکشن کمیشن سندھ کو ہٹانے کی درخواست خارج
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) سلام آباد ہائی کورٹ نے سندھ سے الیکشن کمیشن کے رکن نثار درانی کی تعیناتی کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔پیر کو چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وکلا کے دلائل کے بعد درخواست خارج کی۔سماعت کے دوران فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ نثار درانی کی تعیناتی آرٹیکل 216کی خلاف ورزی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے سوال کیا کہ یہ آئینی تقرری ہے، ممبر کو کیسے ہٹایا جاسکتا ہے؟ اس عدالت نے آئین کو دیکھ کر فیصلہ کرنا ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کسی معاملے میں غیرضروری مداخلت نہیں کریں گے، ایسی مداخلت نہیں کریں گے جس سے آئینی عہدے سے متعلق تنازع کھڑا ہو۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ آئین کی شق دوبارہ پڑھ لیں، یہ بہت واضح ہے، یہ تقرری آئینی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہوئی، اسی طرح ہی ہٹایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کی پارٹی بھی اس وقت تعیناتی میں شامل تھی، اس عدالت پر آئین پر عمل درآمد کرنا لازم ہے، اس وقت پارلیمانی کمیٹی نے یہ تعیناتی کی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ