ٹیکس عدم ادائیگی، کیپرا کی پشاور میں بڑی کاروائی
پشاور (سٹی رپورٹر) ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے یونیورسٹی روڈ پر واقع ریسٹورانٹ کو ٹیکس کی عدم ادائیگی پر سیل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کیپرا شہباز طاہر ندیم اور کلکٹر سیلز ٹیکس آن سروسز جہان بہادر کی خصوصی ہدایت پر کیپرا کی ٹیم نے یونیورسٹی روڈ پر واقع ٹیسٹ ان ٹرین نامی ریسٹورانٹ کو موقع ہی پر سیل کر دیا۔ ایڈیشنل کلکٹر پشاور شاہنواز نوید، ڈپٹی کلکٹر سعود خان، اسسٹنٹ کلکٹر خالد منصور، انسپکٹر حزب اللہ اور عماد علی پر مشتمل کیپرا کی ٹیم نے پیر کے روز چھاپہ مار کارروائی کے دوران ٹیسٹ ان ٹرین ریسٹورانٹ کو سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی پر سیل کر لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کلکٹر سعود خان نیٹیکس نادہندگان کو خبردار کیا کہ اس طرح کی کاروائیوں سے بچنے کے لیے اپنا ٹیکس بروقت ادا کریں۔ ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہماری زمہ داری ہے اور اس ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ عوام سے چارج کیا گیا سیلز ٹیکس آن سروسز سرکاری خزانے تک پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ ان ٹرین کی انتظامیہ کو متعدد نوٹسز جاری کئے گئے تھے اور ان کو ٹیکس جمع کرانے کی باربار ہدایات جاری کی گئی تھیں تاہم ان کی طرف سے کسی قسم کی پش رفت سامنے نہ آنے پر ان کے خلاف خیبرپختونخوا سیلزٹیکس ان سروسز ایکٹ 2022 کے تحت کاروائی عمل میں لائی گئی۔