واپڈا ملازمین کیلئے بجلی کی فری سپلائی کا خاتمہ اور مجوزہ نجکاری نہیں ہونے دیں گے: خورشید احمد

Sep 20, 2022 | 03:20 PM

لاہور(سٹی رپورٹر)واپڈا ملازمین کیلئے بجلی کی فری سپلائی کا خاتمہ اور مجوزہ نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔ مہنگائی کے عفریت، ظالمانہ بجلی کے بل، ورکرز کے حقوق کا استحصال کے خلاف حتمی اور فیصلہ کن احتجاجی تحریک چلائی جائے گی جس کیلئے یونین کا قومی جنرل باڈی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ان خیالات کااظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈر الیکٹرک ورکر یونین کے قائد و جنرل سیکرٹری خورشید احمد نے  کیا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ جس طرح ملک کا سب سے بڑا محکمہ واپڈا ہے۔ اسی طرح ملک کی سب سے بڑی یونین ہائیڈرو یونین ہے۔ بجلی کی دیگر تقسیم کار کمپنیوں کے ورکرز سمیت عوام مہنگائی اور حکومتی بے حسی تنگ آ چکے ہیں۔اگر مسائل حل نہ کئے گئے توعوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

واپڈا ہائیڈرو یونین کے رہنما ساجد کاظمی نے کہا کہ واپڈا کے جانباز ناقص،  فرسودہ، بوسیدہ ترسیلی نظام کو سنبھالنے کیلئے پہ در پہ شہادتیں دے رہے ہیں۔اب تک 43 جانباز شہید ہو چکے ہیں اور معذور ہونے والوں کی تعداد  کہیں زیادہ ہے جوبیچارے نہ زندہ ہیں نہ مردہ۔ حکومت اس جان لیوا ترسیلی نظام کی بہتری کیلئے سنجیدہ نہیں اور نہ سٹاف کی کمی دور کرنے کیلئے سوچ بچار کر رہی ہے۔حکومت کے اس غیر جمہوری، غیر آئینی اور غیر اخلاقی روّیے کے خلاف ردعمل دینے کیلئے جنرل باڈی کے اجلاس میں طریقہ کار وضع کیا جائیگا اور پھر ملک گیر احتجاج کی کال دی جاسکتی ہے۔
 

مزیدخبریں