پڑھائی میں اچھی کارکردگی نہ دکھانے پر آدمی نے بیٹے کو زندہ جلا دیا

Sep 20, 2022 | 05:07 PM

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں ایک سفاک شخص نے پڑھائی میں اچھی کارکردگی نہ دکھانے پر اپنے بیٹے کو مٹی کا تیل ڈال کر زندہ جلا ڈالا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق یہ روح فرسا واقعہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاﺅن میں گزشتہ بدھ کے روز پیش آیا۔
ایس ایچ او اقبال مارکیٹ پولیس سٹیشن سلیم خان نے بتایا کہ 12سالہ لڑکے نے اپنے باپ سے باہر جا کر پتنگ اڑانے کی اجازت مانگی تھی، تاہم باپ نے بچے کو منع کر دیا اور اس سے تعلیم کے متعلق سوالات پوچھنے شروع کر دیئے۔ بچہ جب باپ کے سوالوں کے تسلی بخش جواب نہ دے سکا تو وہ شخص شدید مشتعل ہو گیا اور بچے پر مٹی کا تیل ڈال کر اسے آگ لگا دی۔
بچے کی چیخ و پکار سن کر ماں دوڑکر کمرے میں آئی اور بچے پر کمبل اور دیگر کپڑے پھینک کر آگ بجھانے کی کوشش کی۔ آگ بجھنے پر بچے کو فوری طور پر سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا جہاں 2دن زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد جمعہ کے روز بچہ دم توڑ گیا۔
 اگلے روز فیملی نے خاموشی سے بچے کی تدفین کر دی۔اس واقعے کے متعلق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تھی جو اقبال مارکیٹ پولیس نے دیکھ لی اور کارروائی شروع کر دی۔ پولیس کی مداخلت کے بعد بچے کی ماں نے بھی اپنے شوہر کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس نے دوران تفتیش اقبال جرم بھی کر لیا ہے۔

مزیدخبریں