پیسکو کی جانب سے بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاﺅ ن جاری
پشاور(سٹی رپورٹر) وزیر اعظم پاکستان، وزیر توانائی اور سیکرٹری توانائی کی ہدایات پر پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوری کیخلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکوقاضی محمد طاہر نے تمام افسران بالا کو بجلی چوری کے خلاف آپریشن کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیسکو ٹاسک فورسز کی جانب سے پشاور، مردان، صوابی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ڈی آئی خان، سوات، بنوں اور خیبر سرکلز میںبجلی چوری کیخلاف چھاپے مارے جا رہے ہیں، جرمانے کیے جا رہے ہیں اور گرفتاریں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ گزشہ روز سے جاری اس آپریشن کے دوران3047سے زائد کنڈے ہٹائے جا چکے ہیں اور تقریبا12 کروڑ49 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بجلی چوری میں ملوث افرادکو موقع پر گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور2608سے زائد افراد کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لیے درخواستیں متعلقہ تھانوں میںجمع کرا دی گئی ہیں جبکہ 945 اےف آئی آر درج ہو چکی ہےں-چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو کا کہنا ہے بجلی چور عوام کے دشمن ہیں اور بجلی چوری کا نقصان عام صارفین کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا اس وقت بجلی سے متعلق مسائل کا واحد حل بجلی چوری کا خاتمہ ہے اور پیسکو ملازمین اس ضمن میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پیسکو کوسیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ بجلی چوروں کی جانب سے مزاحمت کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ مزید یہ کہ بجلی چوری کے خاتمے کے لیے ادارے کو عوام کے تعاون کی ضرورت ہے چنانچہ عوام سے التماس ہے کہ بجلی چوری کی اطلاع پیسکو دفاتر کو دیں۔