کراچی : نائی کی دکان میں اتفاقیہ گولی چلنے سے 2 بچے شدید زخمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نائی کی دکان میں اتفاقیہ گولی چلنے سے 2 بچے شدید زخمی ہوگئے، فائرنگ میں ملوث افراد نے ابتدائی طور پر اسپتال میں غلط بیانی کی تاہم پولیس نے اصل واقعے کا پتہ چلالیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ہجرت کالونی گل نمبر 53 میں اتفاقیہ گولی چلنے سے 2 بچے شدید زخمی ہوگئے، فائرنگ کا واقعہ نائی کی دکان پر پیش آیا۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمی ہونے والے بچوں کی عمر 12 اور 14 سال ہے، بچوں کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ایس ایس پی ساوتھ عمران قریشی نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق کار شوروم پر کام کرنے والا منیر اپنی پستول صاف کررہا تھا، پستول صفائی کے دوران گولی چلنے سے سیلون میں کام کرنے والے دونوں بچے زخمی ہوئے۔عمران قریشی کا کہنا تھا کہ ایک بچے کے ہاتھ اور دوسرے کے پاوں میں گولی لگی، منیر کو حراست میں لے کر پستول اور لائسنس تحویل میں لے لیا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ میں ملوث افراد نے ابتدائی طور پر اسپتال میں غلط بیانی کی اور خود کو بچانے کے لیے کہا کہ بچے سے گولی چلی ہے تاہم پولیس نے تحقیقات کی تو اصل واقعے کا پتہ چلا۔