ہردیپ سنگھ قتل: بھارت کی کینیڈا میں اپنے شہریوں کیلئے ایڈوائزری

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی کہاوت تو آپ نے سنی ہی ہوگی، ایسا ہی کچھ کیا ہے بھارت نے، پہلے تو کینیڈا میں موجود سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کو قتل کرایا اور اب جب دنیا بھر میں اس قتل کی شفاف تحقیقات کیلئے آوازیں اٹھ رہی ہیں تو الٹا اپنے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کردی.
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کینیڈا میں بڑھتی بھارت مخالف سرگرمیوں پر وہاں موجود بھارتیوں کو احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے۔کینیڈا کا سفر کرنے والے بھارتیوں سے بھی محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کینیڈا میں بھارت مخالف ایجنڈے کی مخالفت پر سفارتکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے اسی لیے بھارتی شہری کینیڈا کے مخصوص علاقوں کے سفر سے گریز کریں۔
یاد رہے کہ آزاد خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ کو 18 جون 2023 میں کینیڈا میں گوردوارے کے باہر قتل کردیا گیا تھا، کینیڈا نے ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور کینیڈا میں بھارتی سفارتکار کو ملک بدر کردیا ہے جس کے جواب میں بھارت نے بھی کینیڈا کے سینئر سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔
روزنامہ پاکستان کا واٹس ایپ چینل جوائن کرنے کیلئے یہاں کلک کریں۔