وزارت خزانہ نے بیرونی فنانسنگ پوری نہ ہونے سے متعلق خبروں کو بےبنیاد قرار دے دیا

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزارت خزانہ نے بیرونی فنانسنگ پوری نہ ہونے سے متعلق خبروں کو بےبنیاد قرار دے دیا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق آئی ایم ایف سے سٹینڈبائی معاہدے کے وقت رواں مالی سال کے تمام اعداد و شمار فراہم کیے گئے، آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ معاہدے کے تحت تمام اقدامات کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ مالی اور زرمبادلہ ذخائر کے اہداف بھی مانیٹر کر رہے ہیں۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وزارت خزانہ کمرشل بینکوں سے متواتر رابطے میں ہے۔ امید ہے تمام ترسیلات زر جلد پایہ تکمیل کو پہنچیں گی۔ حکومت مالی نظم و نسق قائم رکھنے کے لئے پُر عزم ہے، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ جائزے کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔