سری لنکا کا فاربریس کو انگلش ٹیم کامعاون کوچ بنائے جانے پر مایوسی کا اظہار
کولمبو(آئی این پی) سری لنکا کرکٹ نے ٹیم کے موجودہ کوچ پال فاربریس کو انگلش ٹیم کامعاون کوچ بنائے جانے پر حیرانی کا اظہارکرتے ہوئے اس فیصلے کو مایوس کن قراردیدیا ۔ آئندہ چند ہفتے میں سری لنکن ٹیم انگلینڈ کے دورے پر جانے والی ہے جہاں اسے دو ٹیسٹ ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ پر مشتمل مکمل سیریز کھیلنا ہے۔ پال فاربریس فی الوقت اکتیس دسمبر دو ہزار پندرہ تک کرکٹ سری لنکا سے زیر معاہدہ ہیں ۔ سری لنکا کو اس بارے میں کوئی علم نہیں ہے کہ پال فاربریس ان کیلئے مزید خدمات انجام دے سکیں گے یا نہیں کیونکہ انگلش میڈیا نے جب خبریں جاری کیں تو کرکٹ سری لنکا کو اسی وقت معلوم ہوا کہ فاربریس انگلینڈ کی جانب سے خدمات کی انجام دہی کیلئے منتخب ہو گئے ہیں۔ جب کرکٹ سری لنکا نے انگلینڈ میں موجود پال فاربریس سے اس ضمن میں بات کرنا چاہی تو کوشش کے باوجود رابطہ نہیں ہو سکا۔ کرکٹ سری لنکا نے اس حوالے سے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ وہ ای سی بی سے رابطے میں ہیں اور انہیں بتا دیا گیا ہے کہ پال فاربریس سے باقاعدہ بات چیت سے قبل اس معاملے پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ ان کا کرکٹ سری لنکا سے معاہدہ انفرادی نوعیت کا ہے۔
پال فاربریس کی زیر نگرانی سری لنکا نے مختصر سی مدت میں ایشیا کپ کے علاوہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی ٹرافی بھی جیتی اور اسے اٹھارہ میں سے صرف ایک میچ میں شکست ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فاربریس کے معاہدے میں قبل از وقت اخراج کی شق موجود ہے لیکن انہیں عہدہ چھوڑنے سے چھ ماہ پہلے سری لنکن حکام کو آگاہ کرنا ہوگا ورنہ پھر مالی لحاظ سے اس کی تلافی کرنا ہوگی۔