نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مہم کل شروع ہوگی

نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مہم کل شروع ہوگی

  

لاہور (اے این این ) ملک بھر سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مہم کل سے ملک کے مختلف شہروں میں شروع ہوگی ٗ چیئرمین صلاح الدین کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی کوئٹہ لاہور اور کراچی سمیت 4 شہروں میں ٹرائلز کے بعد کھلاڑیوں کا پول تیار کریگی ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی کی بہتری کے لئے ملک بھر میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے ٹرائلز منعقد کرانے کا فیصلہ کیاہے اور صلاح الدین کی سربراہی میں ایک سلیکشن کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو ٹرائلز کی نگرانی کرے گی ۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں ارشد علی چوہدری، ایاز محمود، خاد بشیر اور مشتاق حسین کو شامل کیا گیا ہے ۔ فیڈریشن کے مطابق سلیکٹرز نے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے فوری طور پر اپنے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ اس سلسلے میں کوئٹہ میں ٹرائلز کل منگل کو صبح 11 سے 4بجے تک منعقد ہونگے ۔ کراچی میں یہ ٹرائلز 24 اور 25 اپریل کو صبح 10 بجے سے شام5 بجے تک منعقد کئے جائیں گے ۔ قومی سلیکٹر اس سلسلے میں 27 اپریل کو پشاور پہنچیں گے جہاں کھلاڑیوں کو دن 11بجے رپورٹ کرنے کے لئے کہا گیاہے ۔ لاہور میں ٹرائلز کا سلسلہ 28 اپریل اور 29 اپریل کو 11 سے 4 بجے تک جاری رہے گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -