پی ایچ ایف زیادہ عمر والے اولمپئن کو کوچز مقرر کرنے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے، قاسم خان
لاہور( سپورٹس رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کی طرف سے ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز رکھنے والے ہاکی کے سابق کھلاڑی قاسم خان نے پی ایچ ایف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قومی سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے لئے زیادہ عمر والے اولمپئن کو کوچز مقرر کرنے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کئی سالوں سے ہاکی میں کافی تبدیلیاں آچکی ہیں جن میں گراس سے سنتھیٹک ٹرف ،قوائد میں مسلسل کی جانے والی تبدیلیاں ، شیر تکنیک پر انحصار کرنے کی بجائے رفتار اور فٹنس پر اعتماد کرنا شامل ہے او ر ان حالات میں مذکورہ زیادہ عمر والے اولمپئنز کی بطور کسٹوڈین تقرری سے قومی ہاکی ٹیموں میں کو ئی تبدیلی نہیں آئے گی ۔
قاسم خان نے کہاکہ پی ایچ ایف نے جو سلیکشن کمیٹی بنائی ہے جس کے اراکین کو پلاسٹک سرفیس پر کھیلنے کا کوئی تجربہ نہیں ہے ۔ایسا دکھائی دیتا ہے کہ پی ایچ ایف نے اپنی پالیسیز پر تنقید کرنے والے سابق اولمپئنز کے ایک گروپ سے سمجھوتہ کرلیا ہے ،ہر گزرتے ہوئے دن کے ساتھ ہاکی زوال کا شکار ہے ۔قومی ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ کی 12ٹیموں میں سے گیارھویں پوزیشن ہے اور اب ہماری ہاکی ٹیم ایشین چیمپئن کے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں بھی ناکام ہوگئی ہے ۔