مہیش بھٹ1984ءکے سکھ مخالف فسادات پر فلم بنائیں گے
ممبئی(اے این این) معروف فلمساز، رائٹر، ڈائریکٹر مہیش بھٹ 1984 کے سکھ مخالف فسادات پر فلم بنائیں گے۔جس کا آغاز وہ 2012 میں کینیڈا کے گردوارے میں حملے سے کرینگے، جس پر پیپرورک شروع کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مہیش بھٹ نے ممبئی سے ٹیلیفون پر نمائندہ ایکسپریس کو بتایا کہ سکھ بھی ہمارے اپنے ہیں ان کا بھی بھارت پر اتنا ہی حق ہے جتنا کسی بھارتی مسلمان اور عیسائی کا ہے، بالی ووڈ میں سکھوں کو لے کر فلمیں تو بہت بنائی گئیں مگر ان کے مسائل پر کبھی کوئی فلم نہیں بنی کہ ان کے ساتھ کیا کیا ناانصافیاں ہوئیں۔ انھوں نے کہا کہ 9/11کے بعد سکھوں کو بھی امریکا سمیت یورپی ممالک میں مسلمانوں کیطرح کافی مشکلات پیش آئیں۔اسی لیے میں سکھ کمیونٹی کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو فلم کے ذریعے سامنے لانا چاہ رہا ہوں، اس کا اسکرپٹ باقاعدہ ریسرچ کے بعد لکھا جائیگا، یہ فلم وشیش فلمز کے بنیر تلے بنائی جائیگی، میں اسکو پروڈیوس اور اسکرپٹ لکھونگا جب کہ ڈائریکشن کی ذمے داری کسی اور کو سونپی جائیگی۔ انھوں نے کہا یہ بالکل درست ہے کہ بالی ووڈ فنکاروں نے ایک مہم چلائی ہے کہ بھارتی عوام ان امیدواروں کو ووٹ ڈالیں جو ذات پات اور مذہب سے بالاتر ہو کر ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔