ٹیکسٹائل انڈستری کو بحران سے نکالنے کیلئے وزیراعظم نے پانچ رکنی کمیٹی قائم کر دی

ٹیکسٹائل انڈستری کو بحران سے نکالنے کیلئے وزیراعظم نے پانچ رکنی کمیٹی قائم ...

  

 کراچی(آن لائن)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹی ڈی ای پی)کے چیف ایگزیکٹوایس ایم منیر کی درخواست پرپنجاب میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کوبحران سے نکالنے کیلئے وزیراعظم نوازشریف نے وفاقی وزرا پر مشتمل پانچ رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹی ڈی اے پی کے چیف ایگزیکٹو کی شعبہ ٹیکسٹائل کی مختلف ایسوسی ایشنز کے دورے کے موقع پربجلی اور گیس کی اندھادھند لوڈشیڈنگ کی وجہ سے جی ایس پی پلس کے درجے سے مکمل استفادہ نہ ہونے کی شکایات موصول ہوئیں جس پر انہوں نے وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اور گورنرپنجاب سے مداخلت کی درخواست کی جبکہ اس سے پہلے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے بھی بجلی اور گیس کی طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کے باعث ٹیکسٹائل اسپننگ ملوں کی پیداواری سرگرمیاں منجمد ہونے کی شکایت کی تھی۔پنجاب کے صنعتی شعبے کے لیے گیس اور بجلی کی طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کی بڑھتی ہوئی شکایات کے ازالے کے لیے وزیراعظم نوازشریف نے فوری طور پروفاقی وزیرخزانہ، وفاقی وزیرپٹرولیم وقدرتی وسائل، وفاقی وزیر پانی وبجلی، وفاقی وزیرتجارت اورایک وزیرمملکت پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم کردی ہے جو پنجاب کے صنعتی شعبے کو بجلی اور گیس کے بحران سے نکالنے کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔واضح رہے کہ فی الوقت ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بجلی کی8 گھنٹے اور گیس کی18 گھنٹوں پر مشتمل مستقل لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے جسکی وجہ سے انکی پیداواری سرگرمیاں 30 فیصد تک محدود ہوگئی ہیں۔

مزید :

کامرس -