پنجاب میں 16.75ملین ایکڑ رقبہ پر 19ملین ٹن گندم حاصل ہونے کا امکان
لاہور (این این آئی) پنجاب میں 16.75ملین ایکڑ رقبہ پر کاشتہ گندم سے 19ملین ٹن گندم حاصل ہونے کا امکان ہے ٗ کاشتکاروں کو درانتی کی بجائے ریپر ، تھریشر ، ہارویسٹر، کمبائن ہارویسٹر سے گندم کی کٹائی و گہائی کی ہدایت کی گئی ہے ۔ محکمہ زراعت سے وابستہ اہلکاروں کے مطابق زمیندار و کاشتکار گندم کی کٹائی و گہائی میں استعمال ہونے والے آلات اور زرعی مشینری کو اچھی طرح صاف ستھرا کرکے استعمال میں لائیں تاکہ گندم میں کسی قسم کی آلودگی باقی رہنے یاگندم کے دانے کو نقصان پہنچنے کا احتمال نہ رہے۔ انہوں نے کہاکہ گندم ہمارے ملک کی ایک اہم فصل ہے جو ملک کی غذائی ضروریات کو پورا کرتی ہے نیز ہمارا ملک گندم کی پیداوار کے لحاظ سے خودکفیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کہ اگرچہ رواں سال 16.50ملین ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کیاگیاتھا مگر اس کے مقابلہ میں 16.75ملین ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی گئی۔