ملک کی بڑی سبزی منڈیوں میں تربوز کی رسد اور فروخت میں نمایاں اضافہ
اسلام آباد (اے پی پی)درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ ہی ملک کی بڑی سبزی منڈیوں میں تربوز کی رسد اور فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ آنے والے دنوں کے دوران پھل کی رسد مزید بڑھ جائے گی۔ پھلوں اور سبزیوں کے کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ تربوز گرمیوں کیلئے قدرت کا خاص تحفہ ہے جو پیاس میں کمی کیلئے انتہائی مفید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت میں ہونے والے اضافے کے ساتھ ساتھ تربوز کی رسد بڑھتی جاتی ہے جو اگست کے خاتمہ تک جاری رہتی ہے جبکہ جون اور جولائی کے دنوں میں تربوز کی سبزی منڈیوں میں ترسیل اپنے پورے عروج پر ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تربوز کے سیزن کے آغاز سے ملک کی بڑی سبزی منڈیوں میں 15تا 20روپے فی کلو کی قیمت پر فروخت کیاجا رہا ہے جبکہ پھل کی خوردہ قیمت 25تا30روپے فی کلو کے درمیان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جون جولائی کے دوران جب رسد میں نمایاں اضافہ ہوگا تو قیمتوں میں بھی کمی ہوگی۔