یوکرین، ایسٹر کی وجہ سے حکومت کا آپریشن میں وقفے کا اعلان

یوکرین، ایسٹر کی وجہ سے حکومت کا آپریشن میں وقفے کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کیف (آن لائن)یوکرین کی حکومت نے روسی نواز علیحدگی پسندوں کے خلاف سیکورٹی آپریشن میں عیسائی تہوار ایسٹر کی وجہ سے وقفہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس موقع پر علیحدگی پسندوں کو نشانہ نہیں بنائے گی ۔ کیف حکومت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سرکاری عمارتوں کو خالی کرانے کے لیے کی جانے والی کارروائی ایسٹر ویک اینڈ کے دوران معطّل رہے گی۔ترجمان کے بقول اس فیصلے کا مقصد یہ بھی ہے کہ علیحدگی پسند قوتوں کو جنیوا میں ہونے والے معاہدے پر عمل کرنے کے لیے راضی کیا جائے۔ تاہم اس دوران روس نواز باغی مشرقی یوکرائن میں اپنے زیر قبضہ تھانوں اور دیگر سرکاری عمارتوں کو خالی کرنے پر تیار دکھائی نہیں دے رہے۔ واضح رہے کہ یوکرین کی حکومت نے سرکاری عمارتوں پر قابض علیحدگی پسندوں سے عمارتوں کا قبضہ واپس لینے کے لیے سیکورٹی آپریشن شروع کیا تھا۔یوکرین کے وزیر ِخارجہ آندری ڈیشیٹسا کا کہنا ہے کہ حکومت نے عیسائی مذہبی تہوار ایسٹر کی وجہ سے اس حوالے سے اپنی کوششوں میں وقفہ دیا ہے۔وزیر ِ خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقفے سے یورپ میں سیکورٹی سے متعلق تنظیم او ایس سی ای کو اپنے آپ کو بہتر طور پر منظم کرنے کا موقع بھی فراہم ہو جائے گا۔او ایس سی ای نے مارچ میں یوکرین میں سیکورٹی اور انسانی حقوق کے لیے ایک خاص مشن لانچ کیا تھا۔ یہ گروپ ملک میں مذاکرات کو فروغ دینے کے لیے بھی کام کر رہا ہے۔

روس نواز اسلحہ برداروں نے روس کے مشرقی حصے میں تقریباً ایک درجن شہروں اور قصبوں میں سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔دوسری جانب روسی صدر ولا دی میر پوٹن کا یہ بیان بھی سامنے آیا ہے کہ مغربی ممالک اور روس کے درمیان تعلقات نارمل کرنے کے لیے کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔مگر انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان تعلقات کی بہتری کے لیے محض روس کا کردار ضروری نہیں بلکہ دونوں فریقوں کو یہ تعلقات بہتر کرنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔ ادھر امریکا نے ایک مرتبہ پھر روس پر زور دیا ہے کہ وہ باغیوں پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

مزید :

عالمی منظر -