نئے انجنوں کا آنا ریلوے کی بحالی میں سنگِ میل ثابت ہوگا،شیخ انور

نئے انجنوں کا آنا ریلوے کی بحالی میں سنگِ میل ثابت ہوگا،شیخ انور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سٹاف رپورٹر)سال2001 ؁ء کے بعد ریلوے میں نئے انجنوں کا آنا ریلوے کی بحالی میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ نئے انجنوں کے آنے سے ریلوے کی ترقی، آمدن اور بحالی کی طرف سفر کا آغاز شروع ہوجائے گا۔ نئے انجنوں کے آنے کا سہرا وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے سر پر ہے۔ پریم یونین وادئ مہران میں 24 اپریل کو ملک گیر مزدور کنونشن منعقد کرے گی جس سے پریم یونین کے مرکزی صدر حافظ سلمان بٹ، سابق رکن قومی اسمبلی، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق خطاب فرمائیں گے۔ 23 اپریل سے ملک کے طول و عرض سے قافلے روانہ ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار پریم یونین کے مرکزی سینئر نائب صدر شیخ محمد انور، چیف آرگنائزر محمود الاحد، محمد انور بھٹی اور سیکرٹری نشرواشاعت محمد نجم نے ایک اخباری بیان میں کیا۔ شیخ انور نے کہا کہ سکھر کا جلسہ ریل کی تاریخ کا سب سے بڑا مزدور کنونشن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے مزدوروں نے شب و روز محنت کرکے ریلوے کے ناکارہ انجنوں کو دوبارہ ٹریک پر رواں دواں کردیا ہے۔ ریلوے افسران اور ریلوے مزدوروں کے باہمی تعاون کی وجہ سے آج ریلوے کی آمدن میں ماضی کی نسبت بے پناہ اضافہ ہوا اور ریل کی ٹائمنگ بہتر ہوئی۔ چار سال کے بعد ریلوے میں مال گاڑیاں، کنٹینر اسپیشل اور آئل کی ٹرینیں ریلوے ٹریک پر نظر آنا شروع ہوگئیں۔ شیخ انور نے کہا کہ ہم کسی بھی صورت میں خون چوسنے والے سرمایہ کاروں کو ریلوے کی گُڈز ٹرینوں کا بزنس نہیں لینے دیں گے اور اگر حکومت نے ریل کی نجکاری کا فیصلہ کیا تو ریل کا مزدور ریل کے ٹریک پر شدید مزاحمت کرے گا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ ریلوے کی بحالی کیلئے دو سو ارب کے بیل آؤٹ پیکج کا اعلان بجٹ کے موقع پر کرے اور مزدوروں کی تنخواہ میں خاطر خواہ اضافہ کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حافظ سلمان بٹ اور خواجہ سعدرفیق کا سکھر پہنچنے پر ریل کے ہزاروں مزدور تاریخی استقبال کریں۔