لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مسیحی ملازمین نے ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا
لاہور (جنرل رپورٹر)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 6 ہزار سے زائد مسیحی ملازمین نے دیگر مسیحی برادری کے ہمراہ ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا۔ اس موقع پر کمپنی نے خصوصی اقدامات کئے۔ شہر میں 300 سے زائد مسیحی عبادت گاہوں اور 56 رہائشی آبادیوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ تمام بڑے چرچوں اور ملحقہ راستوں کی دھلائی کی گئی اور کچے راستوں پر پانی کا چھڑکاؤ کر کے چونا لگایا گیا۔ ایل ڈبلیوایم سی کی طرف سے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارک باد دینے کے لیے سیکریڈ ہارٹ، کیتھڈرل، سالویشن آرمی، ڈون باسکو، نولکھا اور دیگر بڑے چرچوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور کیمپ لگائے گئے۔علاوہ ازیں سابق بشپ پاکستان الیگزنڈر جان ملک، بشپ لاہور عرفان ملک، ریورینڈ شاہد معراج، ریورینڈ ایمینو ئل، ریورینڈ مجید ایبل، فادر جوزف شہزاد اور بشپ سبیسچئن کو پھول اور مٹھائی پیش کی گئی۔ کیتھڈرل چرچ کے ریورینڈ شاہد معراج نے مسیحی عبادت گاہوں اور کالونیوں کی خصوصی صفائی پر ایل ڈبلیوا یم سی کا شکریہ ادا کیامسیحی ملازمین کی ایسٹر پر چھٹی کی وجہ سے شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ شہر میں کم سے کم کچرا پھیلائیں تاکہ ورکر اپنے مذہبی تہوار کو بہتر انداز میں منا سکیں۔ایل ڈبلیوایم سی کے مسیحی ملازمین کو خاندان کے ہمراہ ریس کورس پارک ، گلشن راوی پارک میں داخلے اور تفریح کی مفت جبکہ لاہور چڑیا گھر میں بھی رعایتی ٹکٹ پر داخلے کی سہولت فراہم کی گئی ۔ اس موقع پر چیئرمین ایل ڈبلیوایم سی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم اجمل چوہدری نے ایک پیغام میں کمپنی کے مسیحی ملازمین کو ایسٹر کی مبارک باد دی۔