سودی نظام کے خاتمہ کیلئے حضرت ابوبکرؓ کی طرح زکوٰۃ کے نظام کو نافذ کرنا ہوگا،مفتی محمد خان
لاہور(سٹاف رپورٹر)ملی مجلس شرعی نے کہا ہے کہ اسلام کے پہلے خلیفہ بلا فصل سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے اپنا جان و مال اللہ کے رسول ﷺ پر نچھاور کر کے مسلم امہ کو ایثار و قربانی کا درس دیا،سیرت و کردار میں سنت نبوی ﷺ کا غلبہ خلیفہ اول کے محبتِ رسول ﷺ کو اجاگر کرتا ہے، آپؓ کی خدمات اسلامی تاریخ کا سنہرہ باب ہیں، ملک میں سودی نظام کے خاتمے کے لئے حضرت ابوبکرؓ کی طرح زکوٰۃ کے نظام کو نافذ کرنا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال ٹاؤن میں مفتی محمد خان قادری ، پروفیسر ڈاکٹر محمد امین ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، مولانا راغب حسین نعیمی ، جماعۃ الدعوۃ کے مولانا امیر حمزہ ، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے حافظ بابر فاروق رحیمی، حافظ عبدالغفارروپڑی،جے یو آئی کے مولانا امجد خان جماعت اہلسنّت کے مفتی ظفر جبار چشتی سمیت دیگر نے بھی’’ شان صدیق اکبر رضی اللہ عنہ ‘‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا مقررین نے مزید کہا کہ حکومت قیام امن ، فروغِ رواداری اور نفاذِ نظام مصطفےٰ ﷺ کیلئے حکمت عملی وضع کرے ۔انہوں نے کہاسیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے وصالِ مصطفےٰ ﷺ کے بعد منصب خلافت پر فائز ہو کر والہانہ انداز سے دفاع اسلام کیا،تاقیامت ملتِ اسلامیہ اپنے محسن سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی احسان مند رہے گی ۔ حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے مسیلمہ کذاب جیسے جھوٹی نبوت کے دعویدار سے جہاد کر کے قصر ختم نبوت کو محفوظ بنایا ، آج عقیدۂ ختم نبوت کا دفاع پہلے سے بھی ضروری ہے ۔ قادیانی اپنے مذموم مقاصد کے لئے اسلام کا نام استعمال کر رہے ہیں ۔