پرویز مشرف نواز شریف کی طرح وطن نہیں چھوڑیں گے، احمد رضا قصوری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف نواز شریف کی طرح وطن نہیں چھوڑیں گے، وہ پاکستان میں رہ کر ہی اپنے مقدمات کا دفاع کریں گے، وہ اتوار کو نجی اسپتال میں سینئر صحافی حامد میر کی عیادت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے ان افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف وطن چھوڑ کر نہیں جارہے ہیں۔ معافی نامہ لکھ کر باہر جانا پرویز مشرف کا شیوہ نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف ماہر ڈاکٹر سے علاج کرانے کراچی آئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حامد میر پر حملے میں ”را“ اور موساد“ ملوث ہوسکتے ہیں۔ بعض دشمن قوتیں عوام اور پاک فوج میں دوریاں چاہتے ہیں، لیکن ان کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔