صدرائیر لیگ احمد سلیم بٹ کو قواعد کے برعکس امریکہ جانے کی اجازت

صدرائیر لیگ احمد سلیم بٹ کو قواعد کے برعکس امریکہ جانے کی اجازت

  

لاہور(سٹاف رپورٹر)پی آئی اے کے ڈپٹی جنرل منیجر ایچ آر پنجاب نے مبینہ جعلی ڈگری کیس کے الزام کی زد میں آنے والے صدرائیر لیگ احمد سلیم بٹ کو قواعد و ضوابط کے برعکس امریکہ جانے کی اجازت دے دی جبکہ قومی ائیرلائن کے خزانے سے ٹکٹ سے بھی نواز دیا گیا جس کے باعث پی آئی اے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے ائرلیگ کے صدر احمد سلیم بٹ کی ڈگری کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے اور اس بات کی تفتیش کی جارہی ہے کہ ان کی ڈگری جعلی ہے یا اصلی،ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کے باقاعدہ قانون کے احمد سلیم بٹ کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور ڈگری کی جانچ پڑتال کے بعد ہی انہیں دوسرے ملک جانے دیا جاسکتا تھا مگر پی آئی اے کے ڈپٹی جنرل منیجر ایچ آر پنجاب موسی خان نے انہیں بیرون ملک جانے کے لئے قومی ائرلائن کی پانچ ٹکٹیں جاری کردیں جس کے نتیجے میں قومی ائیر لائن کے خزانے میں تقریبا سات لاکھ روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا ۔ذرائع نے بتایا کہ احمد سلیم بٹ نے 22اپریل کو pk-721کے ذریعے جانے کے ٹکٹ حاصل کرلی ہے اور اس تاریخ کو امریکہ روانہ ہوجائیں گے ۔اس حوالے سے موقف جاننے کے لئے پی آئی اے کے ڈپٹی جنرل منیجر ایچ آر پنجاب موسی خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے موقف دینے سے معذرت کرلی۔

امریکہ اجازت

مزید :

صفحہ آخر -