حکمران مسائل حل کرنے کے بجائے اقتدار بچانے میں مصروف ہیں، محمود الرشید
لاہور(جنرل رپورٹر)اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ حکمران ملک بچانے اور عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اقتدار بچانے میں مصروف ہیں‘پنجاب میں گڈگورننس کے دعوے کئے جاتے ہیں لیکن عملی طور پر عوام کو صحت کی بنیادی سہولتیں بھی میسر نہیں ‘حکمرانوں کو عملی طور پر عوام کے خادم ہونے کا ثبوت دینا ہو گا اب قوم کو چکنی چوپڑی باتوں سے عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا‘مخیر حضرات کا صحت کی سہولتوں کی فراہمی کےلئے اپنا کردار ادا کرنا عوامی خدمت کی منفردمثال ہے ‘حکومت کو سےنئر صحافی حامد مےر پر قاتلانہ حملہ کر نےوالوں کو نشانہ عبر ت بنانا ہو گا۔ وہ لاہور کے علاقہ شام نگر میں مخیر حضرات کے تعاون سے چلنے والے اسحاق ہارو ن ہسپتال کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر عقیل صدیقی، شاہد سعید ، جہانگیر نمبردار ، رانا اختر حسین سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ میاں محمود الرشید نے کہاکہ (ن)لیگ مسلسل پنجاب میں حکومت کر رہی ہے اور ہر باریہ قوم کو دنوں میں مسائل حل کرنے کا جھانسہ دیتے ہیں لیکن اقتدارمیں آنے کے بعد ان کی توجہ عوامی مسائل کے بجائے اقتدار پرمرکوز ہو جاتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو ،چوری ڈکیتی کی وارداتیں یا کوئی اور عوامی مسئلہ حکمران اسے حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ (ن)لیگ نے 6ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا نعرہ لگایا لیکن آج ان کی حکومت کو ایک سال کا عرصہ ہونے والا ہے لیکن لوڈ شیڈنگ میں گرمیوں سے پہلے ہی خطرناک حد تک اضافہ ہوتا جا رہاہے ۔ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھاکہ عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں حکومت ناکام ہو چکی ہے اور ایک ایک بیڈ پر چار چار مریض پڑے ہوئے ہیں لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ان حالات میں مخیر حضرات کا عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کےلئے کوئی منصوبہ شروع کرنا انتہائی خوش آئند ہے اور مخیر حضرات کو آگے بڑھ کر حصہ لیتے رہنا چاہیے ۔