وزیراعلی پولیس کی کارگردی سے ناراض ،آئی جی سمیت 24اعلی افسر تبدیل کرنے کا فیصلہ
لاہور(زاہد علی خان) پنجاب پولیس میں تبادلوں کا ریلا آنے والا ہے جس میں ابتدائی طور پر 24اعلیٰ افسروں کو تبدیل کر کے ان کی جگہ ماہر افسر تعینات کئے جانے کا امکان ہے۔ انتہائی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ آئی جی پولیس پنجاب ڈی آئی جی انوسٹی گیشن، ایس ایس پی انوسٹی گیشن لاہور چیف ٹریفک آفیسر سمیت ایس ایس پی اور ڈی ایس پی عہدوں کو تبدیل کرنے کے لئے سمری تیار کی جا رہی ہے۔ بعض ڈی پی اوز اور آر پی ا وز کو بھی تبدیل کر دیا جائے گا۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پولیس کی کارکردگی سے ناراض ہیں اور وہ اس بات پر بھی ناراض ہیں کہ تنخواہیں بڑھانے کے باوجود پولیس وہ رزلٹ نہیں دے رہی جس کی توقع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے آئی جی پولیس سمیت کئی دیگر افسران پر شدید برہمی کا بھی اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہنے والے افسروں کو تبدیل کر دیا جائے گا۔ ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ آئی جی پولیس پنجاب کو تبدیلی کی صورت میں ایڈیشنل آئی جی پولیس پنجاب سرمد سعید خان کو آئی جی کے عہدے کا چارج دیا جا سکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور کے بعض علاقوں سمیت بعض اضلاع میںبھی سنگین نوعیت کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جبکہ مبینہ بھتہ خوری سے بھی وزیر اعلیٰ ناراض نظر آئے ہیں اور پنجاب پولیس کی طرف سے بھی اس حوالے سے کارکردگی قابل قدر سامنے نہیں آ رہی بتایا گیا ہے کہ کارکردگی کے لحاظ سے بہترین پولیس افسروں کو تعینات کیا جا سکتا ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ خود کرینگے۔
پولیس تبادلے