مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ انتخابات کے خلاف آج دنیا بھر کے کشمیر ی یوم سیاہ منائیں گے

مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ انتخابات کے خلاف آج دنیا بھر کے کشمیر ی یوم سیاہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                               مظفرآباد (اے این این)مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ بھارتی انتخابات میں بائیکاٹ مہم کی قیادت کرنے والے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماﺅں اور عہدیداروں کی بلاجواز گرفتاریوں ، ظلم، بربریت، تشدد اور بدترین دہشت گردی کے خلاف وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید اور حریت کانفرنس کی مشترکہ کال پر( آج) بروز سوموار ریاست جموں و کشمیر کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا، وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے ایوان کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتوں سمیت تمام مکاتب فکر سے اپنا بھرپور قومی تحریکی کردار ادا کرنے کی اپیل کر دی، آج ریاست گیر یوم سیاہ کے روز احتجاجی جلسے جلوس ریلیاں مظاہرے اور احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے جس کا مقصد نہتے پرامن کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کی طرف دنیا کی توجہ مرکوز کروانا ہے، مظاہرین بہت بڑی احتجاجی ریلی کی صورت میں اقوام متحدہ کے مشن دفاتر جا کر احتجاجی میمورنڈم پیش کریں گے جبکہ اسلام آباد ،راولپنڈی کے علاوہ آزادکشمیر کے تمام ضلعی تحصیل سٹی مقامات پر یوم سیاہ کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام سیاسی، سماجی زعماءشرکت کریں گے، گزشتہ روز وزیراعظم کی ہدایت پر سینٹرل پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی پرامن صدائے احتجاج دبانے کے لیئے لاٹھی ،گولی، آنسوگیس،کریک ڈاﺅن، چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے کرفیو کے نفاذ سمیت بدنام زمانہ کالے قوانین نافذ کیئے لیکن خوددار کشمیری عوام نے کبھی بھی آزادی کا متبادل نہ تو فراڈ انتخابات مانے اور نہ ہی کوئی دوسرا کوئی آپشن، مقبوضہ کشمیر میں دو دنوں میں حریت قائدین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک، شبیر شاہ، بلال غنی لون سمیت دو سو سے زائد کشمیری سپوتوں کی گرفتاریاں بھارت کی بوکھلاہٹ کا زندہ ثبوت ہیں کشمیری عوام مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت حریت قائدین سمیت جملہ گرفتار کشمیریوں کو غیر مشروط فوری رہا کر کے ان پر قائم مقدمات واپس کرے، شوکت جاوید نے کہا کہ آج بیرون ممالک مقیم کشمیری پاکستانی مل کر بھارت کا بنیاد پرست، دہشت گرد چہرہ بے نقاب کرنے اور کشمیریوں پر سفاکانہ تشدد انسانی اور شہری حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، یورپی یونین، او۔آئی۔سی، بااثر ممالک عالمی امن کے قیام اور ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حق خودارادیت دلوانے کے لیئے فیصلہ کن کردار ادا کریں بصورت دیگر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی ٹکراﺅ کے خدشات کو رد نہیں کیا جا سکے گا، ایک سوال کے جواب میں شوکت جاوید نے کہا کہ موجودہ حکومت نے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو قومی خواہشات کے مطابق اجاگر کرنے کے لیئے دونوں اطراف کی قیادت اور عوام کو ایک پلیٹ فارم پر متحد رکھا اور اب بھی اسی تسلسل کو جاری رکھیں گے، بھارت سے آزادی کے لیئے پوری قوم یک زبان ہے اور اب تک لاکھوں کی تعداد میں جانوں کی قربانی، ہزاروں کی تعداد میں گمنام قبریں اس بات کا مسلمہ ثبوت ہے کہ بھارت آٹھ لاکھ کے بجائے اپنی ساری فوج بھی مقبوضہ کشمیر میں جمع کر دے غلامی کی زنجیریں پھر بھی کٹ کر رہیں گی اور صبح آزادی کی خوشبو نوشتہ دیوار ہے، پاکستان بھارت کے درمیان مذاکراتی عمل کی کشمیریوں نے ہمیشہ حمایت کی ، پاکستان نے ہر فورم پر بھارتی جنگی جنون کی پالیسیوں کو امن میں تبدیل کرنے کے لیئے لچک کا مظاہرہ بھی کیا اور دو قدم آگے بڑھ کر پہل بھی کی لیکن جواب میں وہی بارود کی بارش، وہی ماورائے عدالت کشمیریوں کی نسل کشی، خواتین کی آبروریزی، نوجوانوں کا اغوااور خون خرابہ ہی کیا جاتا ہے اس لیئے اب عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیئے دوہرا معیاراور مصلحت پسندی ترک کر کے بھارت کو ثالثی پر آمادہ کرنے کے لیئے کردار ادا کرنے کے علاوہ کوئی اور راستہ ہی موجود نہیں، اس سے قبل بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان تین جنگیں ہو چکی ہیں پاکستان کی جمہوری حکومتوں، عوام ، بہادر افواج پاکستان کے اہل کشمیر ہمیشہ دل سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے کشمیریوں کی آزادی کے لیئے ہر قربانی پیش کی، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اہل کشمیر کی دنیا بھر میں بے باک وکالت کی اور شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو نے دنیا بھر کے ایوانوں میں کشمیر کا مسئلہ ٹاپ ایشو بنا دیا ور آج ہر فورم پر وہی آوازیں قوم کی رہنمائی کر رہی ہیں، اس موقع پر پیپلز کانفرنس کے رہنما مشتاق الاسلام اور پاسبان حریت کے عزیراحمد غزالی سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

مزید :

صفحہ آخر -