پشاور میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام ،7کلو گرام وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا ۔ایک شخص گرفتار
پشاور (اے این این)پشاور میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام،7 کلو گرام وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا، ایک شخص گرفتار، پوچھ گچھ کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے سربند میں سیفن چوکی کے قریب ایک گاڑی کی تلاشی لی گئی تو گاڑی میں رکھا گیا بم برآمد ہوا جسے بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا ہے۔ اے آئی جی بم ڈسپوزل سکواڈ شفقت ملک کے مطابق گاڑی میں رکھا گیا بم 7 کلو وزنی تھا جس کے پھٹنے سے بڑی تباہی پھیل سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی سے ایک شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جس کا تعلق قبائلی علاقے سے ہے تاہم پولیس نے ملزم کی مکمل طورپر شناخت نہیں بتائی۔ گرفتار شخص کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے۔