سکھر کوچ اور ٹرالر میں تصادم خواتین سمیت42جاں بحق

سکھر کوچ اور ٹرالر میں تصادم خواتین سمیت42جاں بحق

  

                                          سکھر(این این آئی،آن لائن،اے این این) پنوں عاقل کے قریب مسافر کوچ اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 42 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ،زخمیوں میںبعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کاخدشہ ہے ،ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی،جائے حادثہ کے قریب مدرسہ کے طلبہ اور اہل علاقہ سب پہنچے، بس کی باڈی کاٹ کر لاشیں نکالی گئیں۔اتوار کو ڈیرہ غازی خان سے کراچی آنے والی مسافر کوچ قومی شاہراہ پر پنوں عاقل چھاﺅنی کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 42افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے حادثے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے حادثے پرپہنچیں جنہوں نے بس میں پھنسے زخمیوں اور لاشوں کو نکال کر متعلقہ ہسپتال پنوں عاقل، سول ہسپتال سکھر اور سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا، طبی عملے نے 42 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جن میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔ واقعہ کے بعد ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی، ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے زخمیوں کےلئے خون کے عطیات کی اپیل کی گئی ہے۔حادثے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں سے ہے، واقعہ کے نتیجے میں مسافر کوچ کا ڈرائیور جاں بحق اور ٹرالر کا ڈرائیور فرار ہوگیا۔زخمیوں کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا تاہم مقامی لوگوں کے مطابق قومی شاہراہ کا یہ حصہ گھوٹکی سے سکھر تک زیر تعمیر ہے جس کی وجہ سے تمام گاڑیوں کو کئی مقامات پر سنگل سڑک پر چلنا پڑتا ہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ بس کے تباہ شدہ ڈھانچے میں دن کی روشنی ہونے تک بھی بعض ایسے مسافر مردہ حالت میں پھنسے ہوئے تھے جنھیں نکالنے کی کوشش کی گئی مقامی شخص حمید نے بتایا کہ تصادم اتناشدیدتھا کہ آدھی بس ٹریلر میں پیوست ہوگئی، جسے بعد میں بھاری مشینری کے ذریعے ٹریلر سے علیحدہ کیاگیا۔ایدھی سروس کے ایک رضاکار کا کہنا تھا کہ حادثے میں بس کا ڈرائیور جاں بحق جب کہ ٹرالر کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔ادھر صد ممنون حسین،وزیر اعظم محمد نواز شریف،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، گور نر عشرت العباد، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ،سابق صدر آصف علی زر داری نے حادثے میں جانی نقصان پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت کی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک ، وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک ، گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور، گور نر کے پی کے سردار مہتاب خان عباسی، گور نر بلوچستان محمد خان اچکزئی ،گور نر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زر داری، سابق صدر آصف علی زر داری،جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کااظہار کیا -

مزید :

صفحہ اول -