حامد میر پر حملہ آزادی صحافت پر وار ہے ، بلاول بھٹو زرداری
کراچی( آن لائن +اے این این)پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معروف صحافی حامد میر پر حملہ آزادی صحافت پر وار ہے ، صحافیوں پرحملے اور تشدد کے واقعات عوام کے لئے تشویش کا باعث ہیں ، آزاد معاشرے کے لئے آزاد میڈیا ناگزیر ہے۔اتوارکواپنے ایک بیان میں انہوں نے حامد میر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حامد میر پر حملہ قابل مذمت ہے ، واقعہ ان لوگوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے جو بڑھتے ہوئے تشدد پرخاموش ہیں۔حامد میر پر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے اور ملک میں صحافیوں کو مسلسل ہدف بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ صحافیوں پر حملے اور تشدد کے واقعات عوام کے باعث تشویش ہیں ، آزاد معاشرے کے لئے آزادمیڈیا بہت ضروری ہے جو سچ کو سامنے لا سکے ۔میڈیا آج کے پاکستانی معاشرے کا اہم ستون ہے اور سچ کو خاموش کرانے کی تمام کوششوں کی مذمت کرتے ہیں ، اس مشکل وقت میں صحافی برادری کےساتھ کھڑے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ حامد میر پر حملے میں ملوث مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔