گد و تھرمل پاور پلانٹ کے نئے یونٹ کا افتتاح، پاکستان میں اب روشنیوں کا راج رہے گا: وزیراعظم
کشمور(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم نواز شریف نے گدو تھرمل پاور پلانٹ کے دو نئے یونٹس کا افتتاح کر دیااور اعلان کیا کہ وہ جلد ہی لاہور کراچی موٹروے کی بنیاد رکھیں گے ۔انہوںنے کام جلد مکمل کرنے پر ملازمین کے لئے تین مہینے کی بنیادی تنخواہ کے برابر بونس کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے تھرمل پاور پلانٹ کے دو نئے یونٹس کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں اب تاریکی نہیں روشنی کا راج ہو گا۔ دیامیر ، بھاشا ڈیم پر بھی کام شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا حکومت کی گدو میں 486 میگا واٹ کے ٹربائن کو چلانا بہت اہم پیش قدمی ہے، کوشش ہے تمام سکیمیں وقت پر مکمل ہوں اور اس منصوبے سے ساڑھے سات روپے فی یونٹ بجلی حاصل ہو گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہم 1999 ءمیں جن منصوبوں پر کام کر رہے تھے وہ جاری رہتے تو ملک آج عظیم الشان ملک ہوتا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا منصوبے کا آخری یونٹ 261 میگا واٹ آیندہ ماہ کام شروع کر دے گا ، بجلی منصوبے سمیت تمام منصوبے بروقت مکمل کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا منصوبوں کی تاخیر سے اقتصادی روابط اور خرچے میں اضافہ ہوا، اس منصوبے کو چلا کر ہم 54 ارب روپے کی بچت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے منصوبہ وقت سے قبل مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ملازمین کے لئے بونس کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا بہت جلد کراچی لاہور موٹروے کی بنیاد رکھوں گا۔ یہ منصوبہ ساٹھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا۔ گدو کے تینوں منصوبوں سے 486 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔