حامد میر پر حملے کی تفتیش جاری ہے، ملزموں کا سراغ ضرور لگائیں گے: وزیراعظم
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سینئر صحافی حامد میر پر حملے کی تفتیش جاری ہے، ملزموں کا سراغ ضرور لگائیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے آغا خان ہسپتال میں حامد میر کی عیادت کی اور ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔ عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حامد میر پر حملے کی تفتیش جاری ہے اور پولیس مستعدی سے کام کر رہی ہے، ملزمان کا سراغ لگانا چیلنج ہے لیکن جلد ہی ملزموں کو پکڑ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی کمیشن تشکیل دے دیا گیا ہے جو مکمل بااختیار ہے اور اپنا کام جلد شروع کر دے گا جبکہ تفتیش میں کوئی کسر نہیں چھوڑ جائے گی اور جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو منظرعام پر لایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں آپریشن کے اچھے نتائج ملے ہیں۔ طالبان کے ساتھ مذاکرات سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ قیام امن کیلئے اپنا فرض ادا کر رہے ہیں، طالبان سے مذاکرات جاری ہیں تاہم اونچ نیچ ہو جاتی ہے، دہشت گردی کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہی سب کیلئے بہتر ہے۔