’ٹوئیٹر جرائم پر قابوپانے میں معاون ‘
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئیٹر ‘ سے کسی حدتک جرائم کو کنٹرول کیاجاسکتاہے ، لوگوں کی روزمرہ ٹوئیٹ سے اندازہ ہوتاہے کہ لوگ کس طرح کے امور سرانجام دے رہے ہیں یا سوچ رہے ہیں ، ٹوئیٹ کو مانیٹرکرنے کے بعد 19سے 25فیصدجرائم کو کنٹرول کیاجاسکتاہے ۔یہ دعویٰ ایک جریدے’سائنٹیفک جرنل ڈسیژن سپورٹ سسٹم ‘ میں شائع ہونیوالی ایک تحقیق میں کیاگیاہے ۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ میتھیو گربرنے کہاہے کہ ٹوئیٹس پر کی گئی تحقیق کے حیران کن نتائج سامنے آئے ہیں گوکہ براہ راست جرائم کے بارے میں کم ہی پیغامات ملتے ہیں ۔اُنہوں نے کہاکہ بعض ٹوئیٹس میں جرائم کے بارے میں براہ راست کوئی معلومات نہیں ہوتیں لیکن وہ کسی نہ کسی طرح اُن جرائم سے جڑے محرکات کی معلومات دے رہے ہوتے ہیں ۔اُن کاکہناتھاکہ لوگ اپنی معمول کی زندگی کی ٹوئیٹ کررہے ہوتے ہیں جس سے پتہ چلتاہے کہ اُس شخص یا وہاں کے حالات کیسے ہیں ، جیسے کہ میں اگر شراب نوشی کی بات کرتاہوں تو بہت سے لوگ یہی بات کررہے ہیں ، مجھے اندازہ ہوگاکہ شراب کیلئے تمام لوگوں کے پاس وسائل موجود نہیں تو وہ چوری کرسکتے ہیں یا کہیں لوٹ مار کریں گے ۔