حامد میر پر حملہ: سینیٹ، اور صوبائی اسمبلیوں میں مذمتی قراردادیں منظور، حملہ آوروں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) سینیٹ، پنجاب اسمبلی اور خیبرپختونخواہ اسمبلی میں سینئر صحافی حامد میر پر حملے کی مذمتی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹ کے اجلاس میں حامد میر پر قاتلانہ حملے کے خلاف مذمتی قرار داد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان حامد میر پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، حملے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے سزا دی جائے۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں بھی مذمتی قرارداد پیش کی گئی جسے اسمبلی میں موجود تمام اراکین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سینئر صحافی پر حملہ آزادی صحافت پر کاری ضرب ہے، واقعے کی تحقیقات کرا کے ملزموں کو بے نقاب کیا جائے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب اسمبلی میں بھی قاتلانہ حملے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔