ڈی جی آئی ایس آئی اپنے اوپر الزامات کی خود وضاحت دیں:وزیر اطلاعات
لاہور (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی اپنے اوپر لگنے والے الزام کی خود وضاحت کریں۔ دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دی فرنٹ“میں جب ان سے سوال پوچھا گیا کہ ڈی جی آئی ایس آئی پر لگے الزام کے متعلق آپ کیا کہتے ہیں تو انہو ں نے کہا کہ الزام ڈی جی آئی ایس آئی پر لگاہے آپ ان سے پوچھیں۔ پروگرام کے میزبان کامران شاہد نے کہا کہ پاک فوج کے ترجمان نے اس بات کی سختی سے تردید کی ہے لیکن آپ کیا کہتے ہیں۔ اس بات پرو فاقی وزیر نے کہا کہ اس معاملے پر عدالتی کمیشن بن چکاہے لہذا اب اس واقعہ پر بات کرنا کمیشن پر اثر انداز ہونے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس میں پارٹی نہیں بننا چاہتا۔ یہ اچھی بات نہیں کہ میں ایک چینل پر بیٹھ کر دوسرے چینل کی برائی کروں اور دوسرے چینل پر تیسرے کی برائی کروں۔ جب ان سے پو چھا گیا کہ جیو نے ریڈ لائن تو کراس نہیں کی تو وزیر اطلاعات کا جوا ب تھاکہ ریڈ لائن تو ماضی میں بھی کئی بار کراس ہو چکی ہے۔ وزیر اطلاعات کی اس گفتگو سے معلوم ہوتا کہ سول حکومت اور فوج میں واقعی سب اچھا نہیں ہے اور میڈیا پر اتنے دنوں سے جو خبریں گردش کر رہی ہیں ان میں کچھ نہ کچھ تو سچائی ہے.
یہ بات قابل ذکر ہے کہ جیو ٹی وی کی جانب سے الزامات کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد کسی بھی اہم حکومتی شخصیت نے اس بات کی مذمت نہ کی اور پر اسرار خاموشی برقرار رکھی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف جو کچھ روز قبل بہت زیادہ میڈیا میں آتے رہے اور جو آئینی طور پر افواج پاکستان کے ہیڈبھی ہیں بھی خاموش ہیں اوران کی طرف سے بھی آئی ایس آئی کے دفاع میں کوئی بیان نہ دیا گیا۔