بل ادا نہ کرنے پر خیبر پختونخواہ کے وزیر کے گھر کی گیس کٹ گئی
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) دو ماہ تک بل ادا نہ کرنے پر صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر صنعت شوکت یوسفزئی کے گھرکی گیس کا کنکشن کاٹ دیا گیا جس کے بعد صوبائی وزیر نے مالک مکان کا نادہندہ ہونے کا انکشاف اور مالی مشکلات کا عذر بھی بیان کردیا ۔ شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ مالی مشکلات کی وجہ سے وہ دو ماہ تک گیس کا بل ادا نہیں کرسکے اور بل کی اقساط کرانے کیلئے درخواست بھی دے رکھی ہے لیکن گیس منقطع کرنے والا عملہ میٹر بھی ساتھ لے گیا ہے ۔وہ بل اس لئے ادا نہیں کرسکے کہ انہوں نے بچوں کے سکول کی فیس ادا کرنا تھی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ گیارہ ماہ سے مکان کا کرایہ بھی ادا نہیں کرسکے ۔ وزیر صنعت شوکت یوسفزئی کا تعلق پاکستان تحریکِ انصاف سے ہے جو مرکزی حکومت پر کڑی تنقید کرتے رہے ہیں ۔