حب پاور اور چائنہ پاور کے مابین کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کی تنصیب کیلئے معاہدہ طے پا گیا

حب پاور اور چائنہ پاور کے مابین کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کی تنصیب کیلئے ...
حب پاور اور چائنہ پاور کے مابین کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کی تنصیب کیلئے معاہدہ طے پا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (این این آئی) حب پاورکمپنی اورچائنہ پاور انوسٹمنٹ کارپوریشن کی ذیلی کمپنی چائنہ پاور انٹرنیشنل ہولڈنگ لمیٹڈکے مابین مشترکہ منصوبے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔معاہدہ پردستخط وزیرِاعظم پاکستان نواز شریف، چین کے صدرشی چن پنگ، حب پاور اور چائنہ پاور انٹرنیشنل کی سینئر مینجمنٹ کی موجودگی میں کئے گئے۔معاہدے کے تحت حب پاور اور چائنہ پاور انٹرنیشنل ہولڈنگ لمیٹڈ مشترکہ طور پربلوچستان میں حبکو کے موجودہ پلانٹ پر کوئلے کی جیٹی اور کوئلے سے چلنے والا پاور پلانٹ تعمیر کریں گے جوکہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ اپ فرنٹ ٹیرف کی بنیاد پر چلے گا۔ پلانٹ اورجیٹی کی تعمیر کیلئے جیوٹیکنیکل تحقیق، فزیبلیٹی رپورٹ مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ ماحولیاتی اور سوشل امپیکٹ اسیسمنٹ کا کام بھی جاری ہے۔واضح رہے کہ حب کے علاقے میں اس قسم کاتحقیقی کام پہلی دفعہ کیا گیا ہے۔ حبکو کی موجودہ سائٹ پر پلانٹ لگانے میں کئی فوائد ہیں جس میں محفوظ زمین، روڈ اور کالونی جیسا انفراسٹرکچر کی موجودگی، کوئلے کی براہِ راست درآمد کیلئے بحیرہ عرب تک رسائی اور ہیلی پیڈ وغیرہ کی سہولیات شامل ہیں۔ حبکو ملک کی سب سے بڑی اور موئثرآئی پی پی ہے جس نے اپنے پراجیٹ کو توسیع دی ہے اور ملک کا پہلا ہائیڈل آئی پی پی بھی قائم کیا ہے۔واضح رہے کہ 1600میگا واٹ سے زائد بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کی ساتھ حب پاور کمپنی اور اس کی ذیلی کمپنیاں ملک کی بجلی کی 10فیصد ضروریات کو پورا کررہی ہے۔حبکو ایک ماحول دوست کمپنی ہے اورما حولیاتی اثرات کو کم سے کم رکھنے کیلئے کوئلے سے چلنے والا پاور پلانٹ کی تعمیر میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔کمپنی اس بات کو یقینی بنائے گی کی کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کی تعمیر میں ملکی ماحولیاتی اسٹینڈرڈز پر سختی سے عمل کیا جائے۔کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کی تعمیرکے سلسلے میں پچھلے سال نومبر میں وزیرِاعظم نواز شریف اور چین کے صدر کی موجودگی میں حب پاور اور چائنہ پاور انٹرنیشنل کے مابین ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔چائنہ پاور انٹرنیشنل ہولڈنگ کے بنیادی آپریشنز پاور پلانٹ تیار کرنا، انکی تعمیر کرنا، آپریٹ اور بڑے پاور پراجیکٹس کے انتظام سنبھالنا شامل ہیں۔ کمپنی اس وقت تقریباً 25ہزار میگاواٹ کے بجلی کی منصوبے چلارہی ہے جبکہ اس کی پیرنٹ (Parent)کمپنی چائنہ پاور انوسٹمنٹ کارپوریشن ایک لاکھ میگاواٹ بجلی کے منصوبے چلا رہی ہے۔ حبکو اور چائنا پاور انٹرنیشنل نے اس سلسلے میں لیٹر آف انٹینٹ کیلئے بھی درخواست دے دی ہے۔ منصوبے کیلئے دونوں کمپنیوں کی جانب سے مالیاتی اور ٹیکس مشیروں کا تقرر بھی کردیا گیا ہے۔اس موقع پر چائنہ پاور انٹرنیشنل کے صدریوبنگ نے کہا کہ حبکو اور چائنہ پاور نے ایک دوسرے پر باہمی اعتماد قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا ہے جو طویل مدتی تعلقات کیلئے سے اہم شرط ہے۔ہم حبکو کے پلانٹ لوکیشن کے اسٹریٹجک فوائد سے آگاہ ہیںاور اسی لئے ہم موجودہ مقام پر کوئلے سے چلنے والا پاور پلانٹ تعمیر کررہے ہیں۔ اس موقع پر حسین داﺅد نے کہا کہ کمپنی سرمایہ کاری اور توسیع کے ذریعے درمیانے درجے سے طویل مدتی ترقی حاصل کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔اس اشتراک سے نہ صرف حبکو کی انڈسٹری میں قائدانہ حیثیت مضبوط ہوگی بلکہ توانائی مکس میں پائیداری کےحصول کیلئے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حبکو کے سی ای او خالد منصور نے کہا کہ اس منصوبے سے ملک اور اس کے باشندوں کو طویل مدتی سماجی و اقتصادی فوائد حاصل ہوں گے۔یہ منصوبہ ملک کیلئے زیادہ پائیدار او ر سستی متبادل توانائی کے حصول کیلئے موجودہ توانائی کو بہتر بنائے گا اور انرجی سیکٹر میں مزید سرمایہ کاری کیلئے ایک مثال ثابت ہوگا۔ اس منصوبے پر 2.4ارب ڈالر لاگت آئے گی جس میں سے 80فیصد قرضہ جبکہ 20فیصد ایکیویٹی ہوگی۔