مفتی محمد سعید کو مکمل اختیارات دیئے جائیں تو وہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کو حل کرسکتے ہیں

مفتی محمد سعید کو مکمل اختیارات دیئے جائیں تو وہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کو حل ...

جموں(کے پی آئی )جنتا دل یونائٹیڈ کے صدرشرد یادو نے کہاہے کہ اگرجموں کشمیر کے وزیر اعلی مفتی محمد سعید کو مکمل اختیارات دیئے جائیں تو وہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کو حل کرسکتے ہیں ۔شرد یادو جنہوں نے اپنے پرانے ساتھی مفتی محمد سعید سے ظہرانے پر ملاقات کی ، نے کہاکہ پی ڈی پی لیڈر محب وطن ہیں جو اپنے ملک کیلئے جئے ہیں اور ملک کیلئے ہی مریں گے۔ ان کا کہنا تھا میں مفتی سعید کو کافی عرصے سے جانتاہوں جو ایک قابل شخص ہیں اور مجھے بھروسہ ہے کہ اگر انہیں کام کرنے کا مکمل اختیار دیاجائے تووہ کشمیر مسئلہ کا حل نکال سکتے ہیں۔یادو مفتی محمد سعید کی دعوت پرگزشتہ روز دہلی سے جموں پہنچے تھے تاہم انہوں نے کہاکہ انہوں نے مفتی سے کسی سیاسی مسئلہ پربات نہیں کی۔ 1989کی جنتا حکومت کے دور کے دونوں وزرا کے درمیان یہ میٹنگ ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ٹوٹ چکے جتنا پریوار کو ایک بار پھر جوڑاگیاہے۔ شر د کاکہناتھاہم کافی عرصے سے نہیں ملے ۔

تھے ، اس لئے میں نے یہ فیصلہ لیاکہ پارلیمنٹ سیشن دوبارہ شروع ہونے سے قبل مجھے اسے ملناچاہئے ، ہم مرکزی کابینہ میں اکھٹے رہ چکے ہیں اور میں ان کو اچھے سے جانتاہوں ، یہ ایک میٹنگ تھی جس میں سیاست کے علاوہ ہم نے ہر چیز پر بات چیت کی ۔شرد یادو کاکہناتھاکہ ہندوستان کی جمہوریت ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ہر ایک مسئلے کو مشکل کو حل کیاجاتاہے اور کشمیر حل بھی ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کا جمہوری حد اختیار میں رہ کر حل نکالناچاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط حکومت تمام اندرونی فریقین بشمول سیاسی گروپوں کے ساتھ بامعنی مذاکرات کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ جب وہ مرکز میں وزیر تھے تو وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے حریت لیڈران سمیت کشمیری گروپوں کے ساتھ انسانیت ، کشمیریت اور جمہوریت کی بنیاد پر مذاکرات کئے تھے ۔سابق وزیر کاکہناتھاکہ ملک کی آزادی کے بعد شمال مشرق اور پنجاب وغیرہ میں کئی مشکلات پیش آئیں تاہم ان کوجمہوریت کے دائرے میں حل کیاگیا ، اگر مفتی سعید کو اختیار دیاجائے تو وہ بھی کشمیر مسئلہ کوحل کرسکتے ہیں ۔قبل ازیں یادو نے کہاتھاکہ جموں کشمیر کی صورتحال پیچیدہ ہے اور یہ صورتحال 1947سے اب تک ایک جیسی ہے ۔

مزید : عالمی منظر