لیجنڈ اداکار معین اختر کی چوتھی برسی کل منائی جائے گی

لیجنڈ اداکار معین اختر کی چوتھی برسی کل منائی جائے گی

 لاہور (فلم رپورٹر) لیجنڈ اداکار معین اختر کی چوتھی برسی کل منائی جائے گی۔معین اختر سٹیج،تھیٹر کی دنیا کے اعلی تعلیم یافتہ اور سلجھے ہوئے وہ فنکار تھے جو اپنی زندگی میں فن کے اس مقام پر پہنچ گئے جس مقام پر پہنچنے کی ہرفنکار کی خواہش کرتا ہے۔معین اختر 24دسمبر1950کو کراچی میں پیدا ہوئے ۔شوبز کی دنیا میں انہوں نے 1966میں قدم رکھا۔معین اختر نے ایک ایوارڈ شو کی تقریب میں معروف اداکارمحمدعلی کی شاندار پیروڈی کرکے فن کی بلندیوں کی طرف اپنا سفر شروع کیا۔انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا سٹیج اورتھیٹر کے بعد ٹیلی ویژن پر بھی منوایا۔ان کاپہلا ڈرامہ سیریل ’’چور‘‘ 1967ء میں پی ٹی وی پر نشرہوا۔قدرت نے انہیں یہ صلاحیتیں بھی بخشی تھیں ۔وہ کئی زبانوں کو آسانی اور صحیح تلفظ کے ساتھ بولنے میں مہارت رکھتے تھے جن میں انگریزی،اردو،سندھی،پنجابی،پشتو،بلوچی،گجراتی کے علاوہ ہندی بھی شامل تھی۔سرحد پار عظیم فنکار دلیپ کمار اور امیتابھ بچن بھی معین اختر کے پرستار تھے۔داکاری کے میدان میں ان کی خدمات کے اعتراف میں تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازاگیا۔ معین اختر22اپریل 2011ء کوحرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔انہیں کراچی میں ہی ماڈل کالونی قبرستان میں سپردخاک کیاگیا

مزید : کلچر