ایس حمید کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچایاجائیگا: نعیم خان

ایس حمید کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچایاجائیگا: نعیم خان

سرینگر(کے پی آئی )نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے شہید ایس حمید کو ان کی برسی کے موقعہ پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس کے بانی ایس حمید کو فورسز نے دن دہاڑے ان کے گھر واقع احمد نگر سرینگر میں شہادت کے مقام تک پہنچاکر کشمیریوں کو سیاسی طور یتیم بنانے کی جو ناپاک کوشش کی تھی وہ ناکام ہوگئی کیونکہ ایس حمید جیسے ہزاروں شہداکے وارثوں نے جد و جہد آزادی کو نہ صرف آگے لے جانے کا عہد کررکھا ہے بلکہ اس وقت تک سفر کو جاری رکھنے کے وعدے پر بھی قائم ہیں جب تک فورسز کو ریاستی حدود سے باہر نہ نکالا جائے۔نعیم خان نے کہاکہ ایس حمید جیسے عظیم شہدانے اپنے خون سے آزادی کا عنوان رقم کر رکھا ہے اور مذکورہ شہداکے مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن سطح پر جد و جہد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس حمید ایک دانشور اور ولولہ انگیز قائد تھے جنہوں نے آزادی کے معنی و مطالب کو فکری طور پر سمجھ رکھا تھا اور یہی وجہ ہے کہ آج بھی آزادی کے پروانے نتائج کی پرواہ کئے بغیر دنیا کی ایک بہت بڑی فوجی وقت کو للکار رہے ہیں اور قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نعیم خان نے نارہ بل میں پر امن مظاہرین پر وردی پوشوں کی طرف سے طاقت کے استعمال کو شرمناک قرار دیتے ہوئے بتایا کہ جمہوریت کی نیلم پری کے پجاری کشمیریوں کو ماتم کرنے کی اجازت بھی نہیں دیتے ہیں۔

مزید : عالمی منظر