حج درخواستیں جلد جمع کروائیں

حج درخواستیں جلد جمع کروائیں
حج درخواستیں جلد جمع کروائیں

  

گورنمنٹ سکیم کے تحت قومی بینکوں کی نامزد شاخوں کے ذریعے حج درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ درخواست دینے و الے ہر شخص کے لئے درخواست فارم میں حضرت محمدﷺ کی ختم نبوت پر ایمان رکھنے کے بارے میں بیان حلفی پر ستخط کرنا یا انگوٹھا لگانا لازمی ہے۔ درخواست گزار کے پاس نادر اکاجاری کردہ قومی شناختی کارڈ،31مارچ 2016ء تک کارآمد مشین ریڈیبل پاسپورٹ یا پاسپورٹ بنوانے کے لئے جمع کروائی جانے والی درخواست کی رسید،ہلکے نیلے رنگ کے پس منظر میں 4x3سینٹی میٹر سائز کی12تصاویر اور واجبات کی رقم ہونا ضروری ہے ۔ خواتین اپنا سر، بال، کا ن اور گلا ڈھانپ کر تصویربنوائیں۔ ہر حاجی کے پاس سعودی عرب میں تقریباً 40 دن قیام کے دوران روزمرہ اخراجات اور قربانی وغیرہ کے لئے کم ازکم دو ہزار ریال کا انتظام ہونابھی ضروری ہے، جس کا بندوبست حاجی کو خود کرناہے۔ درخواست دہندہ کو اپنا بلڈ گروپ بھی معلوم ہوناچاہئے، جس کا اندراج درخواست فارم کے ساتھ ساتھ سفر حج پر روانگی سے قبل حاجیوں کو وزارت مذہبی امور کی طرف سے مہیا کئے جانے والے شناختی کارڈمیں بھی کیا جائے گا۔اس کے علاوہ حاجی کے صحت منداور سفر کے قابل اور چھوت کی کسی بیماری میں مبتلا نہ ہونے کے بارے میں بھی درخواست فارم پر بنے ہوئے سرٹیفکیٹ کی کسی سرکاری ہسپتال کے مستند ڈاکٹر سے تصدیق کروانا بھی ضروری ہے۔

درخواستیں 10بینکوں کی نامزد برانچوں میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ان میں نیشنل بینک آف پاکستان ، حبیب بنک، الائیڈ بنک، یونائیٹڈ بنک، ایم سی بی بنک ، زرعی ترقیاتی بنک، بینک الفلاح، میزان بنک، حبیب میٹرو پولیٹن بنک اور بینک آف پنجاب شامل ہیں۔ عازمین حج درخواست فارم خود پُر کریں یا کسی سے پُر کرواکے غور سے سن لیں تاکہ ان کے کوائف کا درست اندراج ہوسکے ۔ ہر درخواست دہندہ نے حج درخواست فارم پر پانچ جگہ دستخط کرنے ہیں۔ درخواست فارم پُر کرنے سے پہلے ضروری ہدایات اچھی طرح پڑھ اور سمجھ لیں تاکہ کسی غلطی کی وجہ سے درخواست مسترد نہ ہو ۔غلطی سے بچنے کے لئے حج درخواست فارم پُر کرنے سے پہلے اس کی فوٹو کاپی کرواکر پُر کریں اور اصل درخواست فارم اس کے بعد پُر کریں۔ فارم سیاہ روشنائی والے قلم سے خوشخط انگریزی میں نہایت احتیاط سے پُر کریں۔کوئی حرف غلط لکھا جائے تو اس پر سفید فلوڈ لگا کر دوبارہ اس خانہ میں صاف صاف لکھیں۔ احتیاط کریں کہ کوئی حرف یا ہندسہ خانے کی کسی لکیر کو نہ لگے ۔درخواست فارم میں اپنے کوائف درست اور مکمل طور پر لکھیں ، فارم کا کوئی کالم خالی نہ چھوڑیں اورغیر متعلقہ کالم کاٹ دیں۔ایک خانے میں صرف ایک حرف یا ہندسہ لکھیں ۔ حج درخواست فارم میں نادرا کے جاری کردہ شناختی کارڈ کا نمبر درج کرتے وقت ڈیش (-) نہ ڈالیں ۔نام، ولدیت یاخاوند کے نام سمیت تمام خانوں میں ہر لفظ کے بعد ایک خانہ خالی چھوڑ دیں۔

فارم میں اپنا وہی نام ، ولدیت، زوجیت لکھیں جو پاسپورٹ پر درج ہے ۔ نام، ولدیت لکھتے وقت مسٹر، مسز، مس وغیرہ کے الفاظ نہ لکھیں۔ نام، ولدیت یا زوجیت لکھنے سے پہلے دیکھ لیں کہ نام کا کوئی حصہ خانوں سے باہر نہ ہو ۔ خواتین اپنے شناختی کارڈکے مطابق حج درخواست فارم پر اپنے والد یا خاوند کا نام لکھیں ۔ایسی شادی شدہ خواتین جن کے شناختی کارڈ پر ابھی تک خاوندکا نام نہیں لکھا گیا اور وہاں والد کا نام لکھا ہو ا ہے، وہ اپنے حج درخواست فارم پر خاوند کی بجائے والد کانام ہی لکھیں ورنہ نادرا سے ان کے شناختی کارڈ کی تصدیق نہیں ہو سکے گی ۔خط و کتابت کے لئے درخواست فارم پر اپنا موجود ہ پتہ لکھیں جہاں سے ڈاک بآسانی مل سکے۔تحصیل کوڈ کے خانے میں کوڈ درج کرنے کے لئے کوڈلسٹ متعلقہ بینک سے دیکھی جا سکتی ہے ۔ فارم پر ہلکے نیلے پس منظر میں بنوائی گئی 4x3 سینٹی میٹرسائز کی تصویر چسپاں کریں، اسے سٹیپل نہ کریں۔درخواست فارم پر اپنے انٹرنیشنل پاسپورٹ کے فوٹو والے صفحے کی فوٹو کاپی چسپاں کرنا ضروری ہے ۔

عازمین حج انفرادی طور پر درخواست جمع کروا سکتے ہیں ۔تاہم ایک خاندان، محلے یا علاقے کے لوگ یا دوست احباب مل کر10سے25افراد پر مشتمل گروپ بھی بنا سکتے ہیں ۔گروپ خود ترتیب دیں اور اپنے گروپ میں سے کسی تعلیم یافتہ اورمناسک حج سے آگاہی رکھنے والے شخص کو گروپ لیڈر نامزد کریں اور اس کے درخواست فارم نمبر گروپ کے باقی افراد کے فارم میں گروپ لیڈر کے خانے میں لکھا جائے ۔گروپ میں شامل تمام افراد کا مقام روانگی، فقہ ،گروپ لیڈر کا درخواست نمبر اور واجبات حج مع درخواست فارم جمع کرانے کی تاریخ اور وقت ایک ہونا ضروری ہے ورنہ گروپ میں موجود ہر فرد گروپ لیڈر کے تابع ہو گا۔ گروپ لیڈر کو بتایا جائے کہ وہ گروپ لیڈر بنادیا گیا ہے اور گروپ لیڈر کو اس کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جائے۔ اِسی طرح عازمین حج کو بھی مطلع کیا جائے کے فلاں شخص ان کا گروپ لیڈر ہے ۔ گروپ میں کوئی سگریٹ نوش شامل کرنے کی صورت میں گروپ کے ممبران اور لیڈر سے اجازت لی جائے ۔معذور افراد اپنے سفری معاون کے ساتھ درخواست دے سکتے ہیں۔ معذور افراد کے درخواست فارم میں ان کے ساتھ جانے والے معاون کا نام اور درخواست نمبر ضرور لکھا جائے۔ معاون کا معذور کے گروپ میں سفر کرنا لازمی ہے۔ حج درخواستیں جمع کروانے والے تمام مردو خواتین کسی با اعتماد شخص یا قریبی عزیز کو نامزد کریں۔درخواست فار م میں نامزد کے خانے میں کسی ایسے شخص کا نام تحریر کریں، جس سے کسی حادثے کی صورت میں فورا رابطہ کیا جاسکے اور وہ حاجی کے بقایا جات حقداروں کو پہچانے کا ذمہ دار ہو ۔ بہتر ہے کہ نامزد افراد کا تعلق حاجی کے حقداروں یا خاندان سے ہو ۔

فقہ جعفریہ کی خواتین کے لئے سفر حج پر جانے کے سلسلے میں محرم کی شرط نہیں ہے۔ اہلِ سنت کے تمام مسالک کے نزد یک خواتین کے ساتھ شرعی محرم کا سفر کرنا ضروری ہے۔ ایک محرم کے ساتھ زیادہ سے زیادہ چار خواتین سفر کرسکتی ہیں۔شرعی محرم میں شوہر، والد، بھائی ، بیٹا، دادا، نانا، سسر، چچا، ماموں ، بھتیجا ، بھانجا ، پوتا، نواسا اور داماد شامل ہیں۔ خواتین محرم کے ساتھ شرعی رشتہ اور شرعی رشتہ کا کوڈ متعلقہ خانے میں درج کریں، محرم کا حج درخواست نمبر متعلقہ خانے میں درج کریں اور محرم سے دستخط کروائیں۔ تاہم ا س نیک کام کے لئے جعلی محرم نہ بنائے جائیں۔ یہ بات اکثر دیکھنے میں آتی ہے کہ بینکوں کا عملہ حج پر جانے والی تنہا خواتین کے جعلی محرم بنانے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتا ۔ حاجیوں کے گروپ بناتے وقت قطعی نا آشنا مردوں کو عورتوں کا محرم بنا دیا جاتا ہے جو نہ صرف شرعی اعتبار سے غلط ہے بلکہ خدا کو دھوکہ دینے کے مترادف بھی ہے۔جعلی محرم سعودی عرب پہنچ کر اپنے ساتھ آنے والی ان خواتین کی مدد اور دیکھ بھال نہیں کر سکتے ، یہ خواتین بہت سے کام خود انجام نہیں دے سکتیں ، اس طرح حج کا سفران کے لئے مزید مشکل ہو جاتا ہے ۔

تمام عازمین کو حج درخواست فارم میں شامل اقرار نامے پر بھی دستخط کرنا ہوں گے، جس کے تحت انہیں تمام سعودی قوانین کی پابندی کرنے،سیاسی سرگرمیوں ، مذہبی تعصب اور کھلے عام سعودی حکام اور خدام الحجاج یا ان کے نمائندوں کے خلاف مظاہرے سے اجتناب کرنا ہو گا۔ اس کے علاوہ انہیں پاکستان حج مشن کی طرف سے جاری کی جانے والی ہدایات کی پابندی کرنے اور کوئی ایسا عمل نہ کرنے کی بھی یقین دہانی کرواناہوگی جس سے پاکستان کی عزت پر حرف آئے یاپاکستان کے جھنڈے یا کسی منقولہ و غیر منقولہ جائیدا د کو نقصان پہنچتا ہو۔

سعودی وزارت حج نے تمام ملکوں کے حاجیوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے ۔ یہ تیاری جسمانی صحت کی حفاظت،مناسک حج کی درست طریقے سے ادائیگی،سعودی قوانین کی پابندی اور سعودی عرب میں قیام کے دوران روز مرہ مسائل کے بارے میں ضروری معلومات حاصل کرنے کے بارے میں ہے ۔ حج درخواستیں جمع کروانے والے اس مبارک سفر کی برکتیں سمیٹنے،اسے اپنے رب کے لئے قابل قبول اور اپنی ذات کے لئے یادگار اور آخرت میں ذریعہ نجات بنانے کے لئے ابھی سے تیاری شروع کر دیں ۔ مناسک حج درست طریقے سے ادا کرنے کے لئے مستند کتابوں کا مطالعہ کریں اور تربیتی پروگراموں میں ضرورشرکت کریں۔ حج تربیتی پروگرام کی ویڈیو سی ڈیز بھی دستیاب ہیں ،ان سے استفادہ کریں۔ اپنے جسم کو اس مشقت طلب عبادت کے قابل بنانے کے لئے روزانہ ہلکی ورزش کریں،پیدل چلنا معمول بنالیں اور اپنی صحت کا خیال رکھیں تاکہ دوران حج آپ کو زیادہ مشکلات کا سامنانہ ہو۔

مزید : کالم